بہارکو گرمی سے راحت کی امید

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -19 JUNE

لمبے انتظار کے بعد کل صبح راجدھانی دہلی اور این سی آر میں بارش ہوئی۔اس کی وجہ سے گرمی سے پریشان لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ تاہم یوپی اور بہار کے کئی اضلاع میں گرمی کی لہر اور دھوپ کی شدت میں کمی نہیں آئی ہے۔ اڈیشہ، جھارکھنڈ سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق مشرقی یوپی کے بلیا ضلع کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست بہار میں ہیٹ ویو کی وجہ سے 15 جون سے کم از کم 96 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ شمالی اور مشرقی بھارت میں چلچلاتی دھوپ اور گرمی سے لوگ پریشان ہیں۔  یوپی میں محکمہ صحت کی ایک ٹیم بلیا پہنچی تھی۔ وہاں کے ضلع اسپتال میں 54 لوگوں کی موت درج کی گئی ہے۔15 اور 17 جون کے درمیان بلیا کے اس اسپتال میں ایک کے بعد ایک مریض دم توڑ گئے۔ شدید گرمی اور لو کے تھپیڑوں کو دیکھتے ہوئے یوپی میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
بہار میں، 15 اضلاع ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جن میں سے 10 شدید گرمی کی لہر کی حالت میں ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بہار میں گزشتہ دو دنوں میں ہیٹ ویو سے 42 اموات ہوئی ہیں۔ پٹنہ کے دو اسپتالوں میں 35 مریضوں کی جان چلی گئی۔ اسپتال میں اسہال اور الٹی کے  200 سے زائد مریض  زیر علاج ہیں۔ دوسری طرف، بہار کے بھوجپور میں اتوار کو درجہ حرارت45.3 ڈگری سیلسیس تھا۔اسی دوران اتوار کو دارالحکومت پٹنہ سمیت پڑوسی اضلاع میں ہلکی بارش ہوئی، جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ملی۔ تاہم ریاست میں ہیٹ ویو کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے بہار کے 27 اضلاع میں بارش اور بجلی گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس حوالے سے اورنج الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تاہم، مانسون، جو گزشتہ کچھ دنوں سے سست تھا، بہار میں آہستہ آہستہ سرگرم ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود محکمہ موسمیات نے اب بھی 3 اضلاع میں شدید ہیٹ ویو کا اورنج الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ پٹنہ موسمیاتی مرکز کی طرف سے جاری کردہ الرٹ میں بکسر کیمور سمیت 10 اضلاع ایسے ہیں جہاں شدید گرمی اور گرمی کی لہر کا اثر ہے۔گرمی لگاتار ریکارڈ بنا رہی ہے۔
اب ریاست میں راحت کی امید ہے۔ وہیں اتوار کو کہیں کہیں ہلکی پھلکی بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں لوگوں کو کچھ راحت ملی ہے۔ دارالحکومت پٹنہ سمیت جہاں جہاں معمولی بارش ہوئی ہے، ان علاقوں کے درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ لیکن گزشتہ 36گھنٹوں کے دوران بہار کے 16 اضلاع میں گرمی کی لہر برقرار ہے۔ اس حوالے سے انتظامیہ کی جانب سے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ ترین پیشین گوئی کے مطابق ریاست کے تقریباً نصف اضلاع میں عنقریب ہی بارش کا امکان ہے۔ اس سے عوام کو رراحت ملنے کی امید ہے۔
  بہار میں شدید گرمی نے پچھلے تمام رکارڈ توڑ دئے۔ شیخ پورہ میں پارہ 45  کےپار چلا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے بہار کے 20 سے زیادہ اضلاع میں بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے بارش کے ساتھ گرج اور چمک کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے اضلاع کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔ ان میں پٹنہ، گیا، جہان آباد، شیخ پورہ، نالندہ، جموئی، نوادہ، لکھی سرائے، مونگیراور بانکاشامل ہیں۔ بھاگلپور، کٹیہار، پورنیہ، ارریہ، کشن گنج، مدھے پورہ، کھگڑیا، بیگوسرائے میں  بھی بارش کے امکانات ہیں۔ سہرسا، سپول، سمستی پور، دربھنگہ، ویشالی، مدھوبنی، شیوہر، سیتامڑھی اور مظفر پور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔حالانکہ ریاست کے 14 اضلاع میں ابھی بھی آگ برس رہی ہے۔ان میں گیا ، اورنگ آباد اور رہتاس کے لوگ سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ان تینوں اضلاع میں درجۂ حرارت 45 ڈگری تک رکارڈ کیاگیاہے۔اسی طرح گزشتہ 36گھنٹوں کے دوران شیخ پورہ میں44.4 ڈگری، نوادہ میں 44 ڈگری رہا، نالندہ میں43.4 ڈگری، جموئی میں 43.7 ڈگری، مغربی چمپارن میں42 ڈگری دارالحکومت پٹنہ میں42.5 ڈگری اور سیوان میں 42.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بہر حال محکمہ موسمیات نے بہار کے 27 اضلاع میں جلد ہی بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مانسون بہار میں آہستہ آہستہ سرگرم ہو رہا ہے۔ اب ایسا لگ رہا ہے کہ جس طرح سوموارکی صبح ملک کے راجدھانی دہلی اور این سی آرمیں خاطر خواہ بارش سے   وہاں کے لوگوں کو راحت حاصل ہوئی ہے، اسی طرح دو تین دنوں کے اندر پورے بہار میں بارش ہونے والی ہے اور یہاں کے لوگوں کو بھی شدید گرمی اور لو سے نجات ملنے والی ہے۔
***********************