TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –21 JUNE
واشنگٹن،21جون: ایک امریکی عدالت نے نشریاتی ادارے سی این این کے ایک سابق ٹیلی ویڑن پروڈیوسر کو ایک نو سالہ کم سن لڑکی کے ساتھ زیادتی کے الزام میں 19 سال قید جبکہ رہائی کے بعد 15 سال کے لئے نگرانی میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔امریکی ریاست کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والے جان گریفن نے گزشتہ سال دسمبر میں ایک وفاقی عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔اس سے قبل سنہ 2021 میں 47 سالہ جان گریفن نے جرم قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔عدالت نے مجرم کو متاثرہ افراد کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔گریفن کے اعتراف کے مطابق اس نے سنہ 2020 میں ایک خاتون سے آن لائن رابطے کے بعد اسیاور اس کی بیٹی کو ریاست ورمونٹ میں موجود اپنے گھر پر بلایا۔مجرم کے مطابق اس نے خاتون اور اس کی بیٹی کی نیواڈا سے بوسٹن فلائٹ کی ٹکٹ خریدی اور پھر انہیں ورمونٹ میں موجود گھر میں لے آیا جہاں کم سن کے مطابق گریفن نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔گریفن کو 10 دسمبر 2021 میں گرینڈ جیوری کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔ سی این این نے گرفتاری کے بعد جان گریفن کو ادارے سے نکال دیا تھا۔ گریفن اس سے قبل آٹھ سال سے سی این این میں ملازمت انجام دے رہا تھا۔