TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –23 JUNE
پٹنہ ،23جون: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اپیل پر ملک بھر کی بی جے پی مخالف 15 پارٹیوں نے آج پٹنہ میں انتہائی اہم میٹنگ کی۔ تقریباً ڈھائی گھنٹہ چلی اس میٹنگ میں بی جے پی کے خلاف اتحاد قائم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ ختم ہونے کے بعد کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے اپوزیشن اتحاد کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ ’’نفرت کی سیاست کے خلاف ہم لوگ متحد ہو کر ا?گے بڑھیں گے۔‘‘پٹنہ میں اپوزیشن لیڈروں کا اجلاس شروع ہو گیا ہے تاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ اجلاس میں 15 سے زائد اپوزیشن جماعتیں شریک ہیں۔پٹنہ میں اپوزیشن کے اجلاس میں شامل ہونے سے پہلے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان میں جیتے گی۔ بی جے پی کا مقصد کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ کانگریس غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے کام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کا واحد راستہ اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کو تقسیم کر رہی ہے اور نفرت اور تشدد پھیلا رہی ہے جبکہ کانگریس ملک کو متحد کر رہی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی پٹنہ میں اپوزیشن کے اجلاس سے پہلے پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی اپوزیشن لیڈروں کی میٹنگ کے لیے پٹنہ پہنچ گئے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ہوائی اڈے پر رہنماؤں کا استقبال کیا۔