انتظامیہ بجرنگ دل کی طرف سے بقرعید کے موقع پر بدامنی پھیلانے کی سازش پر روک لگائے: سی پی آئی(ایم ایل)

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27JUNE      

پولیس انتظامیہ گوشت کی دکانیں زبردستی بند کرانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرے: کرشن موہن
مظفرپور:27/جون (اسلم رحمانی)سی پی آئی-ایم ایل مظفرپور کے ضلع سکریٹری کرشن موہن نے کہا کہ بقرعید کے موقع پر بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد فرقہ وارانہ جنون پھیلانے کی سازش کر رہی ہے۔ انتظامیہ ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے، پیر کے روز بجرنگ دل اور وی ایچ پی کی طرف سے چھاتا بازار چوک کے قریب دس سال سے چل رہی گوشت کی دکانوں کو زبردستی بند کرایا۔ اس سلسلے میں مالے کا وفد انتظامیہ سے ملاقات بھی کرے گا۔آج سی پی آئی-ایم ایل لیڈروں کی تحقیقاتی ٹیم نے ہٹائے گئے گوشت کے دکانداروں سے ملاقات کی اور معلومات لی۔ انھوں نے بتایا کہ برسوں سے ان کی گوشت کی دکان غریب ناتھ مندر سے بہت دور اور دوسری سڑک پر ہے۔ گوشت کے خریدار زیادہ تر ہندو برادری سے ہیں۔ ہندو عقیدے کے احترام کو ملحوظ رکھتے تحت وہ ہمیشہ ساون کے مہینے کے موقع پر گوشت کی دکانیں بند کرتے رہے ہیں اور اس بار بھی بند کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ لیکن زبردستی دکانیں بند کرنا اور ہنگامہ کھڑا کرنا درست نہیں۔تحقیقاتی ٹیم میں سی پی آئی ایم ایل مظفرپور ضلع سکریٹری کرشن موہن، انقلابی نوجوان سبھا کے قومی صدر اور سی پی آئی ایم ایل لیڈر آفتاب عالم اور محمد شاہنواز شامل تھے۔ سی پی آئی-ایم ایل لیڈروں نے کہا ہے کہ بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے لوگ سپریم کورٹ کی اس ہدایت پر بحث کر رہے تھے کہ مندروں، مسجدوں اور دیگر مذہبی مقامات کے قریب گوشت کی دکانوں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ لیکن انہیں مذہبی جنون اور زبردستی توڑ پھوڑ کا حق کس نے دیا ہے؟ دراصل یہ مذہب کے نام پر فرقہ وارانہ جنون اور نفرت پھیلانے کی سازش ہے۔پولیس انتظامیہ کو اس پر سخت ایکشن لینا چاہیے۔ سی پی آئی-ایم ایل رہنماؤں نے بقرعید کے موقع پر باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارہ برقرار رکھنے اور تہوار کو پرامن طریقے سے منانے کی اپیل کی ہے۔