مارننگ واک کرتے ہوئے پیچھے سے بے قا بوکار آئی، بچے سمیت تین کو روند ڈالا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -04 JULY      

حیدرآباد،04جولائی :تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں تیز رفتار کار کی زد میں آکر دو خواتین اور ایک بچے سمیت تین افراد کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تینوں حیدرآباد کے حیدر کوٹ مین روڈ پر صبح کی سیر کے لیے نکلے تھے۔ یہ سارا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار سڑک پر بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے پیدل چل رہے تین افراد سے ٹکرا گئی۔ بعد میں دیکھا گیا کہ گاڑی سڑک کے کنارے واقع درختوں کے جھنڈ میں جاگری۔ اس واقعے میں تینوں افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے شانتی نگر کالونی کے رہنے والے تھے۔نرسنگی پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ اس سے قبل مئی میں حیدرآباد میں بھی بے دھیانی اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا ایسا ہی معاملہ سامنے آیا تھا۔ حیدرآباد کے مضافات میں خانپور چوراہے کے قریب ایک کار کھڑی ٹرک سے ٹکرانے کے بعد تین نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ راجندر نگر کے ڈی سی پی جگدیشور ریڈی نے بتایا کہ حادثہ صبح 10 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب کار میں سوار افراد نظام پیٹ سے اوشین پارک کی طرف جارہے تھے۔یہاں منگل کو ہی مہاراشٹر کے دھولے میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی آگرہ ہائی وے پر بریک فیل ہونے کی وجہ سے ایک ٹرک ڈھابے میں گھس گیا۔ منگل کی صبح پیش آئے اس حادثے میں کم از کم 9 لوگوں کی موت ہو گئی۔ جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔