TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -09 JULY
کیلگری ، 09جولائی :کامن ویلتھ گیمز کے چیمپیئن بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین نے جاپان کے کینٹا نشیموتو کو سیدھے گیم میں شکست دے کر کینیڈا اوپن سپر 500 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ سین نے 11 ویں نمبر کے جاپانی کھلاڑی کو 21-17 ،21-14 سے ہرا کر اپنے دوسرے سپر 500 فائنل میں رسائی حاصل کی۔ یہ ایک سال میں ان کا پہلابی ڈبلیو ایف فائنل بھی ہوگا۔ دوسری جانب ہندوستان کی اسٹار خاتون شٹلر پی وی سندھو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک اکانے یاماگوچی سے ہار کر باہر ہوگئیں۔
لکشیہ سین ابتدا میں کناڈا اوپن کے سیمی فائنل میں 0-4 سے پیچھے چل رہے تھے لیکن جلد ہی 8-8 سے برابری حاصل کر لی۔ بریک تک نشیموتو 11-10 سے برتری لے کر آگے تھے لیکن جلد ہی ہندوستانی کھلاڑی نے اپنے پسندیدہ اسمیش اور تیز ریٹرن سے اپنے حریف کو حیران کردیا۔ پھر لانگ شاٹ سے گیم جیت لی۔
دوسرے گیم میں دونوں نے ایک دوسرے کو برابری کی ٹکر دی ، لیکن لکشیہ کی مستعدی نشیموتو سے بہتر ثابت ہوئی ۔ ایک موقع پر اسکور 2-2 پر تھا اور اس کے بعد دونوں 9-9 پر برابر تھے۔ سین نے وقفے پر دو پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔ وقفے کے بعد سین نے 19-11 کی برتری حاصل کی اور نشیموتو کے پھر سے نیٹ میں شاٹ مارنے کی وجہ سے ہندوستانی کھلاڑی نے میچ جیت لیا۔ اب لکشیہ سین کا مقابلہ اتوار کو فائنل میں چین کے لی شی فینگ سے ہوگا، جن کے خلاف ان کا 4-2 سیجیت کا ریکارڈ ہے۔
سیزن کے آغاز میں لکشیہ فارم میں نظر نہیں آ رہے تھے جس کی وجہ سے وہ رینکنگ میں 19ویں نمبر پر پہنچ گئے تھے۔ 21 سالہ نوجوان نے 2021 کی عالمی چیمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔
دریں اثنا، دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکیں اور وہ خواتین کے سنگلز سیمی فائنل میں جاپان کی نمبر ایک اکانے یاماگوچی سے 14-21 ، 15-21 سے ہار گئیں۔ یاماگوچی نے سندھو کے خلاف اپنی 11ویں جیت درج کی۔ ہندوستانی شٹلر نے اس جاپانی کھلاڑی کے خلاف 14 میچ جیتے ہیں۔
سندھو 2022 کے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے بعد زخمی ہو گئی تھیں۔ وہ اس سال بیڈمنٹن کورٹ میں واپس آئیں، لیکن ان کی فارم تشویش کا باعث ہے۔ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز کے بعد سے، انہوں نے 9 ٹورنامنٹ کھیلے ہیں اور پانچ میں وہ پہلے راونڈ میں ہار کر باہر ہو گئی تھیں۔
سندھو میڈرڈ ماسٹرز کے فائنل میں ضرور پہنچی تھیں لیکن انہیں خطابی مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ ملیشیا ماسٹرز اور اب کینیڈا اوپن کے سیمی فائنل میں ہار گئیں۔ سندھو نے اس سال کل 26 میچ کھیلے ہیں۔ ان میں سے 14 جیتے ہیں اور 12 ہارے ہیں۔ سندھو کو اس سال اپنے پہلے خطاب کا انتظار ہے۔