TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 JULY
رام پور،10جولائی: اترپردیش کے رام پور ضلع ہیڈکوارٹر کے سول لائنز کوتوالی تھانہ علاقے میں پیسوں کے لین دین کے تنازعہ میں دو مزدوروں کو تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کر دیا گیا پولیس اہلکار کے مطابق، سول لائن تھانہ علاقے میں مرادآباد-رامپور قومی شاہراہ پر کوسی ندی کے پل کے قریب کچھ مزدوروں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ ملزم مزدوروں نے متاثرین پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا جس میں تھانہ منڈا پانڈے کے علاقے نیامت پور کا رہائشی مرتضیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور سول لائن کے علاقے منصور پور کا رہنے والا کلو زخمی ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ کلو کو علاج کے لیے ضلع اسپتال لے جایا گیا، لیکن اس کی بھی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ اس معاملے میں پولیس نے ملزم صدام، عرفان اور ستویر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ صدام اور ساتویر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ عرفان کی تلاش جاری ہے۔ ملزم صدام مرتضیٰ کے گاؤں نیامت پور کا رہنے والا ہے جبکہ عرفان اور ساتویر کلو کے گاؤں منصور پور کے رہنے والے ہیں۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) سنسار سنگھ نے بتایا کہ افروز نامی نوجوان نے تھانہ سول لائن کو اطلاع دی کہ اس کے والد کالو اور اس کے والد کے دوست مرتضیٰ پر صدام، عرفان اور ستویر پر مزدوری کا پیسہ ادھار تھا اور قرض کی رقم لینے کے لئے کوسی ندی کے پل کے نیچے صدام، عرفان اور ستویر سے ملنے کی بات طے ہوئی تھی ۔ سنگھ نے بتایا کہ افروز اپنے والد کلّو اور مرتضیٰ اپنے بھائی حنیف کے ساتھ پیسے لینے کے لیے موقع پر پہنچا تھا۔ اس دوران معمول کے مطابق بات چیت ہوئی اور پھر ملزمان نے مرتضیٰ اور کلو پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے دونوں کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ حملے میں مرتضیٰ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ کالو علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ اے ایس پی نے بتایا کہ اس معاملے میں کارروائی کی جا رہی ہے۔