TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18 JULY
نئی دہلی ، 18جولائی:ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز دورے پر ہے جہاں وہ دو ٹسٹ میچز، تین ونڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا آئرلینڈ دورے پر جائے گی جہاں آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ یہ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز18-20 اور 22 اگست کو کھیلے جائیں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ویسٹ انڈیز دورے کے بعد ٹیم انڈیا کے کوچ راہل دراوڑ چھٹی پر جاسکتے ہیں اور ان کی جگہ نیشنل کرکٹ اکیڈیمی چیف وی وی ایس لکشمن آئرلینڈ دورے پر ٹیم انڈیا کے ہیڈکوچ کا رول ادا کرسکتے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ سال جون کے مہینے میں بھی ٹیم انڈیا آئرلینڈ کے دورے پر گئی تھی جہاں ہاردک پانڈیا نے کپتان کا کردار ادا کیا تھا اور وی وی ایس لکشمن ہیڈ کوچ کے کردار میں تھے اور ٹیم انڈیا نے دونوں ٹی 20 میچوں میں جیت حاصل کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کے اسوسی ایٹ سپورٹ اسٹاف وکرم راٹھور (بیٹنگ کوچ)، پارس مہامبرے (بولنگ کوچ) کو بھی آئندہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ (او ڈی آئی ورلڈ کپ 2023) سے پہلے آرام دیا جا سکتا ہے۔اس سے قبل، یشیا کپ 2023 کی تاریخ طے ہو چکا ہے لیکن ابھی تک اس کا شیڈول سامنے نہیں آیا ہے۔ پاکستان کو ون ڈے ٹورنامنٹ کی میزبانی مل گئی ہے۔ بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان وینیو کو لے کر کافی دیر تک تنازعہ چل رہا تھا۔ بی سی سی آئی نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا۔ اب اسی بنیاد پر میچ کھیلے جانے ہیں۔ 4 میچ پاکستان میں اور 9 میچ سری لنکا میں ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کے میچ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔