TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18 JULY
کولمبو، 18جولائی:گالے ٹیسٹ کے تیسرے روز مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کی شان دار ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل کی اور پوری ٹیم 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔۔سری لنکا کے شہر گالے میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کو میزبان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور کے مقابلے میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔گزشتہ روز قومی ٹیم کے صف اول کے بلے بازوں کی مکمل ناکامی کے بعد نوجوان سعود شکیل اور آغا سلمان نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی تھیں اورپاکستانی ٹیم نے سری لنکا کے پہلی اننگز کے 312 رنز کے جواب میں 221 رنز بنا لیے تھے اور اسے سری لنکا کے مقابلے میں 91 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل 69 اور آغا سلمان نے 61 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم آغا سلمان اپنے انفرادی اسکور میں 22 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 83 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ دوسرے اینڈ سے سعود شکیل نے اسکور میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے کیرئر کی دوسری شاندار سنچری مکمل کی۔آغا سلمان اور سعود شکیل نے پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے خلاف چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے بڑی شراکت قائم کی۔پاکستان کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نعمان علی تھے جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد شاہین شاہ آفریدی 8 رنز بنا پر پویلین لوٹے۔پاکستان کی پوری ٹیم تیسرے روز چائے کے وقفے کے بعد 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تاہم سعود شکیل ناقابل شکست رہے۔