ہندوستان-بنگلہ دیش ویمنز ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر، آخری میچ رہا ٹائی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –22 JULY      

ڈھاکہ ، 22جولائی:انڈیاویمنز اور بنگلہ دیش ویمنز کے درمیان کھیلی گئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز ڈرا ہو گئی۔ سیریز کا آخری میچ بہت سنسنی خیز رہا۔ لیکن یہ میچ ٹائی رہا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم انڈیاویمنز کو 225 رنز کا ہدف دیا۔ اس کے جواب میں ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ٹیم انڈیا ویمنزبھی صرف 225 رنز بنا سکی۔ٹیم انڈیا کی جانب سے ہرلین دیول نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جبکہ اسنیہ رانا نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ سیریز کا پہلا میچ بنگلہ دیش نے جیتا تھا اور دوسرا میچ بھارت نے جیتا تھا۔بنگلہ دیش کی جانب سے دیئے گئے ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم انڈیاویمنز کی جانب سے اسمرتی مندھانا اور شفالی ورما اوپننگ کرنے آئیں۔ مندھانا نے 85 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔ شفالی 3 گیندوں میں 4 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔یاستیکا بھاٹیا 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ ہرلین دیول نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 108 گیندوں کا سامنا کیا اور 9 چوکے لگائے۔ کپتان ہرمن پریت کور کچھ خاص نہ کر سکیں، وہ 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔دیپتی شرما 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ امنجوت کور نے 10 رنز بنائے۔ سنیہ رانا اور دیویکا ویدیا اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکیں۔جمائما روڈریگز آخر تک پچ پر ڈٹی رہیں۔ انہوں نے 45 گیندوں میں ناقابل شکست 33 رنز بنائے۔ میگھنا سنگھ آخری اوور میں 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ اس طرح میچ ٹائی ہو گیا۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔ اس دوران فرغانہ حق نے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 160 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ فرغانہ کی اس اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔ شمیمہ سلطانہ نے 78 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ سلطانہ کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔ کپتان نگار سلطانہ نے 36 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ ریتو مونی 2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ شوبھنا نے ناٹ آؤٹ 23 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے شامل تھے۔