توہین الیکشن کمیشن کیس جب غلطی کی ہی نہیں تو معافی کیوں مانگوں:عمران خان

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25 JULY      

لاہور،25جولائی : پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت دو اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔عمران خان اپنے وکیل شعیب شاہین کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے رکن کا کہنا تھا کہ آج تو فردِ جرم عائد کی جانی ہے۔اس پر عمران خان کے وکیل نے کہ میرے پاس ریکارڈ نہیں ہے۔ انہوں نے مہلت دینے کی استدعا کی۔ شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ وہ آج پہلی بار پیش ہو رہے ہیں۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست منظور کر لی۔خیال رہے کہ عمران خان پر چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر اراکین کو میڈیا پر دھمکیاں دینے اور توہین ا?میز الفاظ استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن میں کیس زیرِ سماعت ہے۔الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت دو اگست تک ملتوی کرتے ہوئے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔عمران خان خود بھی سماعت میں موجود تھے۔ سماعت کے بعد عمران خان سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہ مزید یوٹرن لیں گے؟ جس پر سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یوٹرن لیتا رہوں گا۔اس پر ان سے سوال کیا گیا کہ آپ الیکشن کمیشن سے معافی مانگیں گے؟عمران خان نے کہا کہ آپ کا کیا خیال ہے مجھے معافی مانگنی چاہیے۔ ان کے بقول جب میں نے کوئی غلطی کی ہی نہیں تو معافی کیوں مانگوں۔