سلیم پرویز نے بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –26 JULY      

پٹنہ، 26 جولائی 2023: ریاستی جنتا دل یو اقلیتی سیل کے صدر سلیم پرویز نے آج پھلواری شریف کے سیکٹر 2 میں واقع دفتر میں بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔ بورڈ کے رخصت پذیر چیئرمین عبدالسلام انصاری نے انہیں چارج سونپا اور انہیں مبارکباد دی۔ جناب سلیم پرویز کو کل بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کا چیئرمین نامزد کیا گیا تھا۔ ریاستی حکومت نے کل اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سلیم پرویز نے کہا کہ انہوں نے مجھے یہ ذمہ داری سونپی ہے میں اس پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے قواعدوضوابط کے تحت پوری ایمانداری سے اپنا کام کریں گے اور کام کاج میں بہتری اور شفافیت لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ملازمین دفاتر میں وقت کی پابندی کریں گے۔ بورڈ کی میٹنگ وقتاً فوقتاً ہوگی اور بورڈ میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
جناب سلیم پرویز نے کہا کہ وقت پرامتحان اور تعلیم میں معیار ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں اسلامی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم پر بھی زور دیا جائے گا۔
اس موقع پر بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈکے سکریٹری سعید انصاری، اکزامنیش کنٹرول نورالسلام، شکیل الرحمن عرف منا، آر اے دانش، جنتادل اقلیتی سیل کے ریاستی نائب صدر اشرف انصاری، غلام غوث راعین کے نام قابل ذکر ہیں۔