TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –30 JULY
ڈھاکہ ،30جولائی :بنگلہ دیش کی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ہزاروں کارکن ہفتے کو دارالحکومت ڈھاکہ میں جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ملک کے مختلف علاقوں سے بی این پی کے کارکن احتجاج میں شامل ہونے کے لیے ڈھاکہ پہنچے۔ احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے کئی مقامات پر توڑ پھوڑ کی اور سرکاری فورسز کی گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی۔اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ وزیرِ اعظم شیخ حسینہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں اور نئے انتخابات نگراں حکومت کے تحت کرائے جائیں۔بنگلہ دیش میں آئندہ برس جنوری میں عام انتخابات ہونا ہیں اور اس سے قبل اپوزیشن جماعت کی حکومت مخالف تحریک اور مطالبے میں شدت آ گئی ہے۔ تاہم حکمراں جماعت عوامی لیگ نے وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے عہدے سے الگ ہونے کا اپوزیشن کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔