جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، ڈیانا بیگ کی واپسی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -11 AUG

لاہور، 11 اگست: پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی۔20 گھریلو سیریز کے لیے اپنی خواتین ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم میں اسٹار تیز گیند باز ڈیانا بیگ انگلی کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد واپسی کر رہی ہیں۔سیریز میں تین ٹی۔20 اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں۔ ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2022-25 کا حصہ ہیں۔ وائٹ بال سیریز یکم سے 14 ستمبر تک کھیلی جائے گی جس کے تمام میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
بیگ کی دونوں ٹیموں میں واپسی سے ہوم سائیڈ مضبوط ہوگی۔ انگلی کی چوٹ کی وجہ سے چھ ماہ سے باہر رہنے کے بعد وہ ٹیم میں واپسی کر رہی ہیں۔ بیگ رواں سال جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں انگلی کی انجری کا شکار ہوگئی تھیں۔پاکستان نے 18 سالہ شوال ذوالفقار کو بھی ٹی ۔20 ٹیم میں موقع دیا ہے۔ انہیں آئندہ ماہ ہونے والے ایشین گیمز کے لیے پاکستان کی ٹیم میں بھی شامل کیا گیا ہے۔لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ بھی تین سال سے زائد عرصے کے بعد ٹی ۔20 ٹیم میں واپسی کر رہی ہیں۔ وہ آخری بار پاکستان کے لیے 2020 آئی سی سی ویمنز ٹی۔20 ورلڈ کپ میں کھیلی تھیں۔
پاکستانی ٹیم درج ذیل ہے۔
ٹی ۔20ٹیم : ندا ڈار(کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء،منیبہ علی، نازیہ علوی (وکٹ کیپر)،نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی۔
ریزرو: انوشہ ناصر، عمائمہ سہیل اور وحیدہ اختر
ون ڈے ٹیم : ندا ڈار(کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، منیبہ علی، نشرہ سندھو، عمائمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر)، ام ہانی اور وحیدہ اختر۔
ریزرو: نازیہ علوی، نتالیہ پرویز اور طوبہ حسن