ایشیا کپ کے ونڈے فارمیٹ میں ان 5 بلے بازوں نے بنائے سب سے زیادہ رن

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -11 AUG

نئی دہلی ،11اگست:ایشیا کپ 2023 کے مقابلے 30 اگست سے کھیلے جائیں گے۔ ایک بار پھر ایشیا کے عظیم کھلاڑی میدان میں نظر آئیں گے۔ اس مرتبہ ایشیا کپ گزشتہ سیزن سے مختلف ہوگا ،کیونکہ اس بار یہ 50 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔پچھلی بار کا ایشیا کپ 20 اوور کے فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا۔ تاہم آج ہم ایسے 5 بلے بازوں کے بارے میں بات کریں گے جنہوں نے ایشیا کپ کے 50 اوور کے فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ایشیا کپ کے 50 اوور کے فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز سری لنکا کے سنتھ جے سوریہ نے بنائے ہیں۔ اپنے 18 سالہ کیریئر میں انہوں نے ایشیا کپ میں 25 میچ کھیلے اور 1220 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 130 تھا۔ جبکہ اوسط تقریبا 53 کا تھا۔ 25 میچوں میں انہوں نے 6 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں بنائیں۔دوسرے نمبر پر بھی سری لنکائی بلے باز کمار سنگاکارا ہیں۔ جنہوں نے ایشیا کپ کے 50 اوور کے فارمیٹ میں 24 میچوں میں 1075 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 121 رہا ہے۔ جس میں انہوں نے 4 سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ اوسط تقریباً 48 تھی۔ تیسرے نمبر پر عظیم بلے باز سچن تیندولکر کا نام آتا ہے۔ جنہوں نے 23 میچوں میں مجموعی طور پر 971 رنزبنائے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 114 رہا ہے۔ 23 میچوں میں ماسٹر بلاسٹر نے 2 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں اسکور کیں ہیں۔ ایشیا کپ کے اس فارمیٹ میں ان کی اوسط 50 سے زیادہ ہے اور اسٹرائیک ریٹ 85 کا رہا ہے۔پاکستان کے بہترین بلے باز شعیب ملک کا نام چوتھے نمبر پر آتا ہے۔ انہوں نے ایشیا کپ کے 50 اوور کے فارمیٹ میں 17 میچوں میں مجموعی طور پر 786 رنز بنائے ہیں۔ ان کے نام 3 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں ہیں۔ شعیب ملک کا سب سے زیادہ اسکور 143 ہے۔ اوسط 65 کے قریب تھی۔ پانچویں نمبر پر روہت شرما کا نام آتا ہے۔ جنہوں نے 22 میچوں میں مجموعی طور پر 745 رنز بنائے ہیں۔ روہت شرما کا سب سے زیادہ اسکور 111 ناٹ آؤٹ رہا ہے۔ روہت نے 46 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ ہٹ مین کے پاس ایشیا کپ کے 50 اوور کے فارمیٹ میں 1 سنچری اور 6 نصف سنچریاں ہیں۔ اس فہرست میں روہت واحد ایکٹو کرکٹر ہیں۔