TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12 AUG
لکھنؤ، 12 اگست: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اترپردیش میں ناانصافی، ظلم، مہنگائی، بدعنوانی اپنے عروج پر ہے۔ بی جے پی حکومت ریاست کی 80 میں سے 80 سیٹیں کھو دے گی۔ عوام کا بھروسہ سماج وادی پارٹی پر ہے۔ سماج وادی پارٹی کے پاس عوام کی طاقت ہے۔اکھلیش یادو نے آج لکھنؤ کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب سے ہی ہر دروازے پر دستک دینا شروع کر دیں۔ نچلی سطح پر لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر سلیم شیروانی، بدایوں کے سابق ایم پی دھرمیندر یادو وغیرہ موجود تھے۔
ایس پی صدر نے کہا کہ بی جے پی حکومت اتر پردیش میں بلڈوزر چلا کر انارکی پھیلا رہی ہے۔ بی جے پی سازش کرکے سماج وادی پارٹی کی قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ بی جے پی حکمت عملی بنا کر بے قصور لوگوں کو فرضی کیسوں میں پھنسا کر پریشان کر رہی ہے۔ این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق پولیس حراست میں سب سے زیادہ اموات اتر پردیش میں ہو رہی ہیں۔

