کانگریس پارٹی نے اتنے کم وقت میں بہت کچھ دیا: گورو گوگوئی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 AUG      

گوہاٹی، 21 اگست: ممبر پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی نے انہیں اتنے کم وقت میں جو اعلیٰ مقام دیا ہے، وہ ان کے لئے فخر کی بات ہے۔ اس کے لیے میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا شکر گزار ہوں۔
رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی، جو سی ڈبلیو سی کے رکن کے طور پر مقرر ہونے کے بعد پیر کو پہلی بار ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے، یہاں نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ کانگریس ہیڈکوارٹر راجیو بھون میں کانگریس کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے انہیں پارٹی کے نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا تھا۔ آج ہم اسی راستے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں سے انہیں جو پیار ملا ہے ، اس پر وہ کھرا اترنے کی کوشش کریں گے اور ہمیشہ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ انہیں شمال مشرق کے نمائندے کے طور پر کانگریس میں جو مقام ملا ہے، اس پر بھی انہیں فخر ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گورو گوگوئی ریاست آسام کے کلیابور حلقے سے انڈین نیشنل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر بھی ہیں۔ گورو گوگوئی آسام کے سابق وزیر اعلی ترون گوگوئی کے بیٹے ہیں۔ ترون 2001 سے 2016 تک آسام کے وزیر اعلیٰ رہے۔ وہ ریاست کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہے تھے۔