TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 AUG
نئی دہلی، 21 اگست: انڈین رینیوایبل انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی لمیٹڈ (آئی آر ای ڈی اے) نے رواں مالی سال 24۔2023 میں 4,350 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اگلے مالی سال 25۔2024 میں آئی آر ای ڈی اے کی آمدنی 5,220 کروڑ روپئے تک بڑھنے کی امید ہے۔
پبلک سیکٹر کے ادارے آئی آر ای ڈی اے نے پیر کو اس سلسلے میں نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت (ایم این آر ای) کے ساتھ کارکردگی پر مبنی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ ایم او یو پر سکریٹری، ایم این آر ای، بھوپندر سنگھ بھلا اور چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر آئی آر ای ڈی اے پردیپ کمار داس نے نئی دہلی کے اٹل اکشے ارجا بھون میں دستخط کئے تھے۔ اس موقع پرایم این آر ای اور آئی آر ای ڈی اے کے دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے۔
کمپنی نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ایم او یو کے تحت ڈپارٹمنٹ آف پبلک انٹرپرائزز (ڈی پی ای) کے رہنما خطوط کے مطابق اسٹریٹجک اہداف کا خاکہ پیش کیا گیا ہے، جنہیں آئی آر ای ڈی اے مالی سال 24۔2023 اور مالی سال 25۔2024 کے دوران حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ آئی آر ای ڈی اے نے کہا کہ حکومت ہند نے مالی سال 24۔2023 کے لیے 4,350 کروڑ روپئے اور مالی سال 25۔2024 کے لئے 5,220 کروڑ روپئے کا آپریٹنگ آمدنی کا ہدف مقرر کیا ہے۔

