TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -23 AUG
تہران ،23اگست:ایران نے منگل کے روز اپنے جدید ترین مقامی ساختہ ڈرون کی رونمائی کی ہے جو زیادہ بلندی پر اور طویل عرصے تک پرواز کر سکتا ہے۔ایران کی دفاعی صنعت کی کامیابیوں کے جشن کی تقریب میں ’’مہاجر-10‘‘ ڈرون متعارف کرایا گیا ہے۔اس تقریب میں صدر ابراہیم رئیسی بھی شریک تھے۔نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس نے صدر رئیسی کے حوالے سے کہا کہ ہماری طاقتور مسلح افواج ایران کے خلاف جارحیت میں ملوّث کسی بھی ہاتھ کو کاٹ دیں گی۔یہ نیا ڈرون ’’مہاجر-6‘‘کا اپ گریڈ ورڑن ہے۔امریکی حکام نے ایران پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ یوکرین جنگ میں استعمال کے لیے روس کو یہ ڈرون فروخت کررہا ہے۔مغربی حکومتوں نے حالیہ مہینوں میں روس کو مبیّنہ طورپراسلحہ کی فروخت پر ایران پر عاید پابندیوں میں توسیع کی ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایرنا‘ کے مطابق نیا ڈرون 7 ہزارمیٹر (23 ہزار فٹ) کی بلندی پر زیادہ سے زیادہ 24 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے اور اس کی آپریشنل رینج 2 ہزار کلومیٹر (1242 میل) ہے۔یہ 210 کلومیٹر فی گھنٹا (130 میل فی گھنٹا) کی رفتارسے سفر کرسکتا ہے اور جدید ترین الیکٹرانک اورانٹیلی جنس سسٹم سے لیس ہے۔ایرنا نے کہا کہ بغیر پائلٹ کی فضائی گاڑی میں 300 کلوگرام (660 پاؤنڈ) تک سامان لے سکتا ہے۔ یہ گذشتہ ماڈل سے دْگنا سامان لے جانیکی صلاحیت کا حامل ہے اور’’ہر قسم کے بم اور گولہ بارود‘‘ لے جا سکتا ہے۔یہ ’’مہاجر-6‘‘ کے وزن اور پرواز کے دورانیے کی صلاحیت سے دْگنا ہے جو 150 کلوگرام ہتھیار اٹھا سکتا ہے اور 12 گھنٹے تک پرواز کرسکتا ہے۔ گذشتہ ماڈل 5،400 میٹر کی اونچائی تک پرواز کرسکتا تھا اور اس کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹا تھی۔اس سے قبل ایران کے کٹر دشمن امریکا اور اسرائیل نے الزام عاید کیا تھا کہ تہران خلیج میں امریکی افواج اور اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں پر ڈرون اور میزائل استعمال کر رہا ہے۔

