فلسطینی صدر نے 35 سفیروں کی ریٹائرکردیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -23 AUG      

رملہ ،23اگست:فلسطین کی وزارت خارجہ نے 35 سفیروں کی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ یہ فیصلہ صدر محمود عباس نے کیا جس پر وزارت خارجہ عمل درآمد کرے گی۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ سفیروں کو مطلع کردیا گیا ہے کیونکہ ان کی ریٹائرمنٹ کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ صدر محمود عباس کی ہدایات کے مطابق وزارت نے متعدد سفیروں کو مطلع کیا ہے کہ ایک مخصوص مدت میں ان کی ریٹائرمنٹ کا مرحلہ شروع ہوجائے گا، یہ سفیر ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکے تھے اور بعض کی عمر ریٹائرمنٹ کی عمر سے بھی تجاوز کرگئی تھی۔عرب اخبار کی رپورٹ کے مطابق 17 سفیروں کی عمر 70 برس سے زائد تھی جبکہ 18 کی عمر 65 برس سے زیادہ تھی۔خیال رہے کہ 10 اگست کو صدر محمود عباس نے مغربی کنارے اور غزہ پٹی کے متعدد گورنرز کو برطرف کردیا تھا۔