TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -25 AUG
پٹنہ، 25 اگست: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کے روز کہا کہ لالو یادو ہی نہیں بلکہ اپوزیشن میں بیٹھے تمام لیڈروں کو مرکزی حکومت پریشان کر رہی ہے۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے لیے آج کا دن بہت اہم ہونے والا ہے کیونکہ چارہ گھوٹالہ معاملہ میں آج ان کی ضمانت پر فیصلہ ہونا ہے۔ سپریم کورٹ میں لالو کے جوابی حلف نامہ پرآج سماعت ہوگی۔ اسی کو لیکر جب بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے سوال کیا گیا تو انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں اس کے لیے مرکزی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا۔
نتیش نے کہا کہ بے چارے لالو کو جان بوجھ کر پریشان کیا جا رہا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ لالو کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔آپ دیکھتے نہیں ہے کہ جومرکز میں آج کل ہے، وہ سب کو پریشان کر رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ اتحاد کے بارے میں نتیش کمار نے کہا کہ 31 اگست کو ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کے لیے ممبئی جائیں گے۔ یہ اجلاس یکم ستمبر کوہونا ہے۔ ہم اس میں ضرور شامل ہوں گے۔ جہاں تک ریاستوں میں مختلف کنوینر بننے کا معاملہ ہے، اس سے متعلق فیصلہ سب کو بتایا جائے گا۔
بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کے بارے میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ہم سب کی ذات پر مبنی مردم شماری پورے ملک میں ایک رول ماڈل بن جائے گی۔ اب آپ دیکھ رہے ہیں کہ بہار کو دیکھ کر کئی ریاستوں میں ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ جہاں تک اعداد و شمار کو عام کرنے کا تعلق ہے، اس پر ایک میٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد ڈیٹا پبلک کیا جائے گا۔ حالانکہ کچھ لوگوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کو روکنے کی کوشش کی تھی۔ یہ باتیں سب جانتے ہیں اور سب جانتے ہیں کہ مرکز کے لوگ ان دنوں کیا کر رہے ہیں۔
بہار پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام اساتذہ بحالی امتحان کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امتحان کا انعقاد اچھے طریقے سے کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے بڑے پیمانے پر بحالی ہوگی جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔ راج بھون اور حکومت کے درمیان تنازعہ پر وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ کسی قسم کا کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ذاتی طور پر جا کر ملے ہیں۔ کہیں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

