انڈیا الائنس میٹنگ میں 28 پارٹیوں کے ساتھ لوک سبھا الیکشن لڑنے کی تجویز کو منظوری

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -01 SEPT     

ممبئی، یکم ستمبر (:ممبئی میں منعقدہ انڈیا الائنس کے دو روزہ اجلاس میں 28 پارٹیوں کے لیڈروں نے آئندہ لوک سبھا انتخابات ایک ساتھ لڑنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انڈیا الائنس کی تمام پارٹیوں نے مل کر 14 لیڈروں کی کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی ہے۔
شیوسینا (اْدھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے رہنما سنجے راوت نے صحافیوں کو بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کو ہونے والی انڈیا الائنس کی میٹنگ میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں تمام جماعتوں کے قائدین میں ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے 14 افراد پر مشتمل رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اسی طرح تمام جماعتوں میں ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے ورکنگ کمیٹی، الیکشن کمیٹی اور انتخابی مہم کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
سنجے راوت نے کہا کہ اس میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کے لئے تمام پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم، مفاد عامہ کے مسائل پر تمام مقامات پر مشترکہ احتجاج اور مختلف مقامات پر ایک ساتھ میٹنگ کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ انڈیا الائنس کی میٹنگ میں تمام لیڈروں نے مفاد عامہ کے مسائل پر مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انڈیا الائنس کی میٹنگ کے بعد تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے جوائنٹ پریس کونسل سے خطاب کیا اور دعویٰ کیا کہ 2024 میں مرکز میں اقتدار میں تبدیلی آئے گی۔