جیوک ہارٹ ہوسپیٹل اینڈ ریسرچ انسٹی چیوٹ، پٹنہ کی خدمات کے 25 سال مکمل

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -02 SEPT     

منزل تو مل ہی جائے گی بھٹکتے ہی سہی۔گمراہ تو وہ ہیں جو گھر سے نکلتے ہی نہیں: ڈاکٹر اجیت پردھان

پٹنہ، 2 ستمبر(محمد نورعالم) جیوک ہارٹ ہوسپیٹل اینڈ ریسرچ انسٹی چیوٹ، پٹنہ بہار کا مکمل طور پر لیس پہلا سپر اسپیشلٹی ہوسپیٹل ہے، جس میں عمر دراز افراد سے لیکر بچوں تک کے دل کی تمام بیماریوں کے علاج کی سہولیات دستیاب ہیں۔جیوک ہارٹ ہوسپیٹل 28 اگست 1998 کو قائم کیا گیا تھا۔یہ تب کی بات ہے، جب بہار سے جھارکھنڈ الگ نہیں ہوا تھا۔اس وقت پورے بہار میں کہیں پہلی کیتھ لیب کی سہولت موجود نہیں تھی۔ جیوک ہارٹ ہوسپیٹل اس وقت غیر منقسم بہار کا پہلا ہوسپیٹل تھا، جس میں اوپن سرجری سمیت جدید کارڈیالوجی اور کارڈک سرجری کا آغاز ہوا تھا۔یہاں تک کہ وینٹی لیٹر کی سہولیات کے ساتھ پہلا مناسب آئی سی یو بھی بہار کے لوگوں کے لئے پہلی بار جیوک ہارٹ ہوسپیٹل کے ذریعہ ہی دستیاب کرایا گیا تھا۔یہ ایک ایسی سہولت تھی، جس کی اس وقت بہار میں شدید ضرورت تھی۔ یہ باتیں جیوک ہارٹ ہوسپیٹل کے چیف کارڈ سرجن اینڈ مینیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر اجیت پردھان نے میڈیا کو بتائیں۔ ڈاکٹر اجیت پردھان نے بتایا کہ آج سے 25 سال پہلے جیوک ہارٹ ہوسپیٹل انتہائی نا مساعد حالات میں خالص انسانی خدمت کے جذبے سے پٹنہ کے کنکڑباغ واقع سبزی منڈی میں کرایہ کی ایک عمارت میں قائم کیا گیا تھااور آج بھی کرایہ کی اسی عمارت میں قائم ہےاور اپنے اسی اصول پرگامزن ہے۔اپنی گفتگو کے دوران ڈاکٹر اجیت پردھان اردو کے برمحل اشعار کے ذریعہ محفل کو خوشگوار بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے تھے۔انھوں نے اپنی گفتگو کو اس شعر کے ساتھ ختم کیا ’’منزل تو مل ہی جائے گی بھٹکتے ہی سہی۔گمراہ تو وہ ہیں جو گھر سے نکلتے ہی نہیں۔‘‘
میڈیا میٹ میں موجود سینئر کارڈیک سرجن اروند کمار نے کہا پہلی کورونری انجیوگرافی، پہلی کورونری انجیوپلاسٹی بہار میں پہلی کورونری آرٹری بائی پاس گرافٹنگ کی سہولیات جیوک ہارٹ ہسپتال میں1998 سے ہی موجود ہیں۔اس طرح جیوک ہارٹ ہوسپیٹل اپنے آغاز سے ہی جدید کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری بہار میں ایک حقیقت بن گئی اورآج یہ بہار میں صحت کے شعبے میں میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے ۔اس موقع سے ڈاکٹر آلوک کمار نے جانکاری دی کہ اب تک، جیوک ہارٹ ہوسپیٹل میں تقریباً 13282 کورونری آرٹری بائی پاس گرافٹنگ اور اوپن ہارٹ سرجریز ہو چکی ہیں۔ جبکہ 36878 سے زیادہ کورونری انجیوگرافیاں اور 8281 سے زیادہ نان سرجیکل کارڈیک انٹروینشنز (PTCA/BMV) کی جا چکی ہیں۔ ہماری ٹیم نے مشنری جوش کے ساتھ جیوک ہارٹ ہوسپیٹل قایم کیا ہے اور شروع سے ہی انسانی خدمات کے جذبے سےبہار کے لوگوں کی خدمت کے لیے اپنی کوشش جاری رکھی ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہمارے یہاں آیوشمان بھارت اورمکھیہ منتری انودان یوجناکے تحت بھی علاج کی سہولیات دستیاب ہیں۔میڈیا میٹ سے ڈاکٹر سدھانشو سنگھ، ڈاکٹر وکاس جھااور ڈاکٹر انیرودھ منڈل نے بھی بات چیت کی۔