TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -04 SEPT
نئی دہلی،4ستمبر:ایشان کشن کو ایشیا کپ 2023 کے لئے سنجو سیمسن کی جگہ ٹیم میں منتخب کیا گیا تو شائقین اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے کافی تنقید کی گئی۔ لیکن ایشان نے پاکستان کیخلاف اپنی دھماکہ خیز اننگز سے ناقدین کو خاموش کر دیا۔ اب سوال یہ ہے کہ اگلے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں کس کا انتخاب کیا جائے؟کے ایل راہل نے 54 میں سے 18 ون ڈے میچ میں پانچویں نمبر پر کھیلے ہیں۔ ون ڈے میں ان کی مجموعی اوسط 45.13 ہے۔ پانچویں نمبر پر راہل کی اوسط بڑھ کر 53.00 ہوگئی ہے۔ اس دوران ان کے اسٹرائیک ریٹ میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ راہل کا ونڈے کیریئر میں اسٹرائیک ریٹ 86.57 ہے جبکہ پانچویں نمبر پر یہ بڑھ کر 99.33 ہو جاتا ہے۔ کے ایل راہل نے اپنے ون ڈے کیریئر میں اب تک 5 سنچریاں بنائی کی ہیں جن میں سے انہوں نے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سنچری بنائی ہے جبکہ 13 نصف سنچریوں میں سے انہوں نے 5ویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے 7 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کے ایل راہل نے 2017 سے 2023 تک پانچویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 18 اننگز میں 742 رنز بنائے ہیں جن میں 112 رنز ان کا سب سے بڑا سکور رہا ہے۔ ایشان کشن کی بات کریں تو انہوں نے پانچویں نمبر پر صرف ایک میچ کھیلا ہے۔ ایشیا کپ میں ایشان کو پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لئے میدان میں اتارا گیا جس میں انھوں نے 81 گیندوں پر 82 رنز بنائے۔ ایشان نے مشکل وقت میں یہ اننگز کھیلی۔ ہندوستانی ٹیم ایک موقع پر 27 رنز پر 2 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ ٹیم انتظامیہ نے ایشان کشن کو پاکستان کے خلاف پانچویں نمبر پر بلے بازی کے لیے میدان میں اتارا۔ ایشان کے ون ڈے کیریئر کا اوسط 48.50 ہے، پاکستان کے خلاف میچ میں پہلی بار پانچویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے انہوں نے 82 رنز بنائے۔جھارکھنڈ کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز ایشان کشن نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کا کمبینیشن فراہم کیا۔ جسے ہندوستانی ٹیم زخمی ریشبھ پنت کے بعد تلاش کر رہی تھی ۔کے ایل راہل چوٹ کی وجہ سے ایشیا کپ 2023 کے پہلے 2 میچوں سے باہر ہیں۔ وہ پاکستان اور نیپال کے خلاف میچوں میں نظر نہیں آئیں گے۔ راہل جلد ہی ایشیا کپ کے لئے سری لنکا روانہ ہوں گے، کیونکہ اب وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور مقابلہ کے لئے تیار ہیں۔ راہل کے فٹ ہونے کے بعد اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ہندوستانی ٹیم انتظامیہ ایشان کشن کو ڈراپ کرتی ہے یا انہیں مسلسل مواقع دیتی ہے۔

