TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -07 SEPT
نیویارک، 7 ستمبر: ہندوستانی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا اور ان کے آسٹریلیائی ساتھی میتھیو ایبڈین یہاں یو ایس اوپن 2023 ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں چھٹے نمبر کی ہند-آسٹریلیا کی جوڑی نے فلشنگ میڈوز میں ایک گھنٹہ 30 منٹ تک جاری رہنے والے کوارٹر فائنل مقابلے میں جیکسن وِتھرو اور ناتھنیئل لیمنس کی امریکی جوڑی کو 7-6 (12-10)، 6-1 سے شکست دی۔ اولمپکس ڈاٹ کام نے روہن بوپنا کے حوالے سے کہا” بھلے ہی تھوڑا بادل چھائے ہوئے تھے لیکن یہاں کی صورت حال آپ کو تھکا دیتی ہیں ۔ پہلا سیٹ ہمارے لئے بہت اہم تھا۔ فائنل میں جگہ کے لیے روہن بوپنا اور میتھیو ایبڈین کا مقابلہ فرانسیسی جوڑی نکولس مہوت اور پیئر ہیوگس ہربرٹ سے ہوگا۔بوپنا نے کہا، “ہمارے پاس ایک سخت مقابلہ ہونے والا ہے، ہربرٹ اور مہوت نے ڈبلز میں تمام گرینڈ سلیم جیتے ہیں۔ وہ بہت تجربہ کار اور بہترین ٹینس کھیل رہے ہیں۔ لیکن جس طرح سے ہم کھیل رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ہمارے پاس بہت اچھا کھیل ہے۔ 43 سالہ روہن بوپنا اور میتھیو ایبڈن نے لگاتار دوسرے گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ ہند-آسٹریلیائی جوڑی جولائی میں ومبلڈن میں مردوں کے ڈبلز کے آخری چار میں پہنچ گئی تھی۔اس سے قبل، روہن بوپنا اور ان کے انڈونیشین ساتھی الڈیلا سوتجیادی کو پیر کو مکسڈ ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد باہر کردیا گیا تھا۔

