TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -09 SEPT
جے پور، 9 ستمبر؟: ادے ندھی اسٹالن اور سابق مرکزی وزیر اے راجا کے ہندو مذہب سے متعلق بیانات کے خلاف اتوار کو جے پور میں یووا شکتی منچ کی طرف سے بھگوا ریلی نکالی جائے گی۔ یہ بھگوا ریلی جے پور کے پال آف جل محل کی پال سے شروع ہوگی جو شہر کے بڑے بازاروں سے ہوتے ہوئے رام لیلا میدان پہنچے گی۔ منتظمین نے دعویٰ کیا کہ بھگوا ریلی میں 25 ہزار سے زائد نوجوان شرکت کریں گے۔ منتظمین کاکہنا ہے کہ لوگ سناتن دھرم کی حفاظت کے لیے پیدل، دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں پر آئیں گے اور یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کریں گے۔
یووا شکتی منچ کے کنوینر سنیل سنگھ شیخاوت نے کہا کہ ادے ندھی اسٹالن اور سابق مرکزی وزیر اے راجاکے ہندو مذہب کے بارے میںدیئے گئے بیانات کے خلاف جے پور میں اتوار کے روز ایک بھگوا ریلی نکالی جا رہی ہے۔ تاکہ عوام الناس کو بھی ایسے بیہودہ بیانات دینے والے لیڈروں کی حقیقت معلوم ہو سکے۔ اس کے ساتھ اس ریلی کے ذریعے ہم یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ بھی کریں گے۔ اس لیے نہ صرف جے پور شہر بلکہ آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے ہندو برادری کے نوجوان بھی اس ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس بھگوا ریلی میں 500 فور وہیلر اور 10 ہزار دو پہیہ گاڑیاں حصہ لیں گی۔ یہ ریلی جل محل پال سے شروع ہو کر زوراور سنگھ گیٹ، سیتارام بازار، برہما پوری کھرا، گنگوری بازار، چھوٹی چوپڑ، تریپولیہ گیٹ چوڑی سڑک سے ہوتی ہوئی رام لیلا میدان پر اختتام پذیر ہوگی۔