TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 SEPT
بارہمولہ، 11 ستمبر: بارہمولہ پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق بم ڈسپوزل دستے نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں فورسز کے ذریعہ پتہ لگانے کے بعد ایک مشتبہ چیز کو ممکنہ طور پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کو ناکارہ بنایا۔ بارہمولہ پولیس کے افسران نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے فوج کی 29 راشٹریہ رائفلز، پولیس اور ایس ایس بی کے ساتھ سرینگر بارہمولہ قومی شاہراہ پر پٹن کے ہنجیویرا کے مقام پر ایک مشتبہ چیز کا پتہ لگایا جو ممکنہ طور پر آئی ای ڈی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس چیز کا پتہ لگنے کے تھوڑی دیر بعد ٹریفک روک دی گئی اور لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی ڈی ایس دستے کو موقع پر پہنچایا گیا جس نے اسے بغیر کسی نقصان کے تباہ کردیا۔دریں اثنا اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقامی تھانے میں ایک مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔