TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12 SEPT
نئی دہلی، 12ستمبر: پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ کے سپر 4 میں ہندوستان کیخلاف ایسی کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے اس کی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔ ٹیم انڈیا نے وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کے خلاف 356 رنز بنائے۔جواب میں پاکستانی ٹیم صرف 128 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ بابر اعظم کی ٹیم کو 228 رنز کی کراری شکست سے بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ نیپال کے خلاف جیت کے ساتھ ایشیا کپ کا شاندار آغاز کرنے والے پاکستان کو فائنل کا دعویدار سمجھا جا رہا تھا۔ سپر 4 کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم، ہندوستان کا سامنا کرنے سے پہلے کافی زیادہ جوش میں تھی۔ کپتان بابر اعظم نے ٹیم انڈیا کیخلاف پلڑا بھاری بتایا، لیکن میچ میں برا حال ہوگیا۔ شکست ایسی ہوئی کہ پورا کھیل بگڑ گیا اور نیٹ رن ریٹ اس قدر خراب ہوگیا کہ اب فائنل تک رسائی بھی مشکل ہو گئی ہے۔ ایشیا کپ سپر 4 میں ہندوستانی ٹیم کے خلاف 228 رنز کی بڑی شکست کے بعد ٹیم کا نیٹ رن ریٹ بری طرح بگڑ گیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اس وقت بنگلہ دیش سے بھی بدتر رن ریٹ ہے۔ اگر پاکستان جس کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.892 ہے۔ سری لنکا سے اگر اپنا آخری میچ ہار جاتا ہے تو فائنل کیلئے اس کی راہ مسدود ہوجائے گی۔پاکستان کیخلاف جیت کے بعد ہندوستان کے 2 پوائنٹس ہو گئے ہیں ،جبکہ سری لنکا اور پاکستان کے بھی ایک ایک جیت سے 2 پوائنٹس ہیں۔ ہندوستان کا نیٹ رن ریٹ سب سے بہتر ہے اور وہ پہلے نمبر پر ہے۔ ٹیم انڈیا کو سری لنکا اور پھر بنگلہ دیش سے کھیلنا ہے۔ یعنی ہندوستان کا کام ایک میچ جیت کر بھی ہو جائے گا۔ جبکہ سری لنکا کو صرف پاکستان کے خلاف جیت درکار ہے اور وہ فائنل میں پہنچ جائے گا۔ بنگلہ دیش اس دوڑ سے تقریباً باہر ہو چکا ہے۔

