ایشیا کپ کا فائنل میچ بارش کی نذر ہوا تو کس کو ملے گی ٹرافی، کیسے ہوگا فاتح کا فیصلہ؟

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16 SEPT     

نئی دہلی ، 16ستمبر: ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائنل میچ کا سبھی کو انتظار تھا، لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے اب تک ان دونوں ٹیموں کے درمیان ایک مرتبہ بھی فائنل نہیں کھیلا گیا ہے۔ اس مرتبہ پاکستان نے جیسا کھیل دکھایا تھا، اس بعد ہندوستان کے ساتھ اس کا فائنل یقینی سمجھا جا رہا تھا لیکن آخر میں ٹیم چوک گئی۔ ایشیا کپ کا فائنل ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ اتوار 17 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جانا ہے۔ سپر 4 میچوں سے پہلے وینیو کے حوالے سے کافی تنازع ہوچکا ہے۔بارش کے خدشے کے باعث ہندوستان اور پاکستان میچ میں ریزرو ڈے رکھا گیا تھا۔ کولمبو میں کھیلے گئے سپر 4 کے سبھی میچز بارش کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔ ایشیا کپ کے فائنل پر بھی بارش کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ ویسے اچھی خبر یہ ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے اس میچ کے لئے ریزرو ڈے رکھا ہے۔ یعنی اگر 17 ستمبر کو بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا تو اگلے دن ہو سکتا ہے۔ بارش کے پیش نظر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ کے سپر 4 میچ کیلئے بھی ریزرو ڈے رکھا گیا تھا۔ اس میچ کا نتیجہ پہلے دن نہیں آسکا اور میچ کو دوسرے دن یعنی ریزرو ڈے میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کو 228 رنز سے کراری شکست دی تھی۔ ایشیا کپ کا فائنل کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 17 ستمبر یعنی فائنل کے دن بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ویدر ڈاٹ کام کے مطابق جب میچ دوپہر کو کھیلا جائے گا تو 80 سے 82 فیصد بارش کا امکان ہے۔ رات کے دوران 70-75 فیصد بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش سے متاثر ہونے والے میچوں کے لیے ون ڈے کے لئے آئی سی سی کے قوانین کے مطابق دونوں فریقوں کے لئے کم از کم 20-20 اوورز کا کھیلنا ضروری ہے۔ جس ٹیم نے پہلے بلے بازی کی اس کے بعد اگلی ٹیم کو 20 اوورز کھیلنا ہوگا۔ ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر، جو ٹیم 20 اوورز کے کھیل کے بعد آگے ہوگی اسے فاتح قرار دیا جائے گا۔ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل ریزرو ڈے پر بھی نہیں کھیلا جاسکا تو کیا ہوگا؟ یہ سوال ہر مداح کے ذہن میں ضرور آرہا ہوگا۔ اس کا جواب بالکل واضح ہے کہ ٹرافی کسی ایک ٹیم کو نہیں ملے گی۔ بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ٹورنامنٹ کا مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔