TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -19 SEPT
چنڈی گڑھ ، 19 ستمبر: پنجاب کے ضلع مکتسر کے گاؤں وڈنگ کے قریب منگل کی سہ پہر نجی کمپنی کی مسافر بس بے قابو ہو کر نہر میں جاگری۔ حادثے میں 5 افراد کی موت ہو گئی ہے ، جب کہ 40 افرادکو بچا لیا گیا ہے۔ حادثے کے وقت بس میں 55 کے قریب مسافر سوار تھے۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔مکتسر کوٹکپورہ روڈ پر گاؤں وڈنگ کے قریب بس نہر میں گرنے کے بعد تقریباً آٹھ سے دس افراد لاپتہ بتائے جاتے ہیں ، غوطہ خور نہر میں ان کی تلاش کر رہے ہیں۔ نہر سے نکالے گئے لوگوں کو ایمبولینس کے ذریعے مکتسر کے سپتال پہنچایا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی گاؤں کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ مکتسر کے ایس ایس پی ، سول انتظامیہ ، ایم ایل اے جگدیپ سنگھ کاکا برار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ قریبی لوگوں کی مدد سے نہر میں گرنے والی بس کو کرین کی مدد سے باہر نکالا گیا۔
اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا کہ وہ امدادی کارروائیوں کے بارے میں ہر لمحہ معلومات لے رہے ہیں۔بھگوان سب کو سلامت رکھے۔ واقعے کی مکمل تفصیلات کا ابھی انتظار ہے۔