عرب ملکوں کے ساتھ معاہدوں سے امن کے نئے دور کا آغاز ہوا: نیتن یاہو

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -23 SEPT    

نیویارک،23ستمبر: اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ عرب ملکوں کے ساتھ معاہدوں نے امن کے ایک نئے دور کا آغاز کردیا ہے۔ اسرائیل کے عرب ملکوں کے ساتھ بہت سے مفادات مشترک ہیں جو وسیع تر امن تک پہنچنے کی اجازت دیتے ہیں۔نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدہ طے پانا عربوں کو امن معاہدوں کو انجام دینے پر مجبور کرے گا۔ سعودی عرب کے ساتھ امن ایک نیا مشرق وسطیٰ تشکیل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن کی قیادت میں سعودی عرب کے ساتھ امن قائم کیا جا سکتا ہے۔دوران تقریر نیتن یاہو نے ایک نقشہ، جس پر نیا مشرق وسطی لکھا ہوا تھا، پکڑے ہوئے مزید کہا کہ ہم عرب ممالک کے ساتھ ایک نیا امن کوریڈور بنائیں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران بھارت کو یورپ سے جوڑنے والی راہداری کا اعلان کیا گیا تھا اور یہ راہداری اسرائیل کے لیے ایک تاریخی تبدیلی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اشارہ کیا کہ فلسطینیوں کو اپنی ریاست کے قیام کے لیے یہودیوں کے حق کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا میں فلسطینیوں کے ساتھ امن کا منتظر ہوں۔ ایران کے متعلق نیتن یاہو نے کہا کہ ایران بحری جہاز رانی کو دھمکیاں دیتا ہے اور بلیک میلنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن اس پر پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں۔