TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -25 SEPT
بیجنگ،25ستمبر:ہندوستان نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ایشین گیمز کے خواتین کرکٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ میں حصہ لے رہی تھی اور اس نے پہلی ہی بار میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ ہندوستان کے 117 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 97 رنز بنا سکی۔ ہندوستان کی جیت میں تیز گیند باز تیتاس سادھو کا اہم کردار رہا۔ انہوں نے 4 اوورز میں 6 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ خواتین ٹی ٹوینٹی میں کسی بھی ہندوستانی گیند باز کا مشترکہ دوسرا سب سے کفایتی اسپیل ہے۔ میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ دو میچوں کی پابندی کا سامنا کرنے کے بعد اس میچ میں ریگولر کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم انڈیا میں واپسی کی تھی۔ایشین گیمز کی تاریخ میں یہ تیسرا موقع تھا جب اس میں کرکٹ کو شامل کیا گیا تھا۔ پچھلے دو مواقع پر جب کرکٹ ان کھیلوں کا حصہ بنا تھا، تب ہندوستانی مرد اور خواتین دونوں ٹیموں نے اس میں حصہ نہیں لیا تھا۔ یعنی پہلی بار ہندوستان نے ان کھیلوں کے کرکٹ ایونٹ میں کسی ٹیم کو میدان میں اتارا اور گولڈ میڈل جیت لیا۔ اس سے بہتر کسی چیز کی توقع نہیں کی جا سکتی تھی۔ اس سے پہلے ہندوستانی خواتین کی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے سے چوک گئی تھی۔ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی تھی۔ شیفالی ورما 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھیں۔ تاہم اسمرتی مندھانا دوسرے اینڈ پر ڈٹی رہیں۔ انہیں جمائمہ روڈریگز کا پورا ساتھ ملا، جو تیسرے نمبر پر بلے بازی کے لیے اتری تھیں۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لئے 67 گیندوں میں 73 رنز کی شراکت ہوئی۔ تاہم مندھانا (46) کے 89 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی اننگز لڑکھڑا گئی اور ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ کپتان ہرمن پریت کور 2، ریچا گھوش 9 اور پوجا وستراکر 2 رنز ہی بنا سکیں۔جمائما بھی 42 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئیں اور اچھی شروعات کے باوجود ہندوستانی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 116 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے سنگدھیکا کماری نے 2 اور انوکا رناویرا نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔117 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری سری لنکائی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ انہوں نے 14 رنز کے اندر 3 وکٹیں گنوادیں اور پہلی تین وکٹیں تیتاس سادھو نے حاصل کیں۔ تاہم اس کے بعد ہسینی پریرا اور نیلاکشی ڈی سلوا نے شاندار بلے بازی کی اور چوتھے وکٹ کے لئے 33 گیندوں میں 36 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم انڈیا کی پریشانی بڑھا دی، لیکن راجیشوری گائیکواڑ نے ہسینی کو آؤٹ کر کے اس جوڑی کو توڑ دیا۔اس کے بعد اوشادی رانا سنگھے نے بھی کچھ شاٹس لگائے لیکن ہندوستان کی شاندار گیند بازی کی وجہ سے رن ریٹ بڑھتا رہا اور آخر میں سری لنکا کی مسلسل وکٹیں گرتی چلی گئیں اور ٹیم 20 اوورز میں 100 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکی۔ سری لنکا کو آخری اوور میں جیت کے لئے 25 رنز درکار تھے، لیکن راجیشوری نے صرف 5 رنز دئے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ اس طرح ہندوستان نے فائنل میچ 19 رنز سے جیت لیا۔

