TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -25 SEPT
کراچی،25ستمبر:پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ سیمی فائنلسٹ کا پتہ نہیں، ہم خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے۔کنڈیشنز سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں ایشین کنڈیشنز ہیں، فرق نہیں پڑے گا۔نسیم شاہ کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کے نہ ہونے سے فرق تو پڑے گا۔ نسیم شاہ نہیں ہیں لیکن جو دوسرے بولرز ہیں وہ بھی اچھے ہیں۔حارث رؤف کا کہنا تھا کہ کھیل میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ہمارے بولرز نے ہمیشہ پرفارم کیا ہے۔ ایسا نہیں کہ ہمارے بولرز بڑے میچز میں اچھا نہیں کر پاتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی انفرادی گول نہیں پہلے ٹیم کا سوچنا ہے بعد میں اپنا۔میچ میں پلان سے متعلق حارث رؤف کا کہنا تھا کہ بھارت جا کر دیکھیں گے کہ کنڈیشنز کیسی ہیں، پھر پلان بنائیں گے۔ حسن علی کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق انہوں نے کہا کہ حسن کا کم بیک ہے، امید ہے وہ اچھا پرفارم کریں گے۔جب ان سے ٹیم کے فائنل فور تک پہنچنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ سیمی فائنلسٹ کا پتہ نہیں، ہم خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کو آؤٹ کر پایا تو ٹھیک ہے نہ بھی کر پایا تو بھی ٹھیک ہے۔وہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ صرف بھارت سے کھیلنے نہیں جا رہے ہیں، سب ہمارے لیے حریف ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں تیسرے اوپنر کے طور پر شامل ہوا ہوں، جب بھی موقع ملے گا اچھا کرنے کی کوشش کروں گا۔عبداللہ شفیق کا کہنا ہے کہ موقع ملنا میرے ہاتھ میں نہیں ہے، جب موقع ملا اس کا فائدہ اٹھاؤں گا، مینجمنٹ کے پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی وجہ سے میں بہت پُرجوش ہوں، سب کی نظریں ورلڈ کپ پر ہوتی ہیں۔عبداللہ شفیق کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے ایک میچ میں نہیں پورے ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنا ہے۔

