TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -29 SEPT
مظفرپور:29/ ستمبر(نمائندہ)دختران ملت کو دینی تعلیم سے آراستہ کرکے ہی ہم صالح معاشرے کی تعمیر کر سکتے ہیں -مغربی تہذیب سے متاثر ہوکر ہمارے معاشرے کی لڑکیاں دین سے دوری اختیار کرتے ہوئے بے حیائی اور برائیوں کے سمندر میں غرق ہوتی جارہی ہیں بلکہ بعض تو مرتدہ اور کافرہ بنتے ہوئے غیروں سے شادی کر کے پوری دنیا میں امت مسلمہ کو رسوا کر رہی ہیں -ایسے نازک دور میں ملت کی بیٹیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کا اہم تقاضا بن گیا ہے -مقام شکر ہے کہ جامعہ مشکات العلماء بیریا مظفر پور’بہار میں مقامی 80 طالبات کی دینی تعلیم و تربیت کے عمدہ انتظام نے ان کے دلوں میں علم شریعت کی قندیل فروزاں کر دی ہے -آج بعض لڑکیاں اسکولوں میں رقص و سرود اور گانے بجانے کی محفلوں میں شرکت کر کے اسلامی تہذیب و ثقافت سے دور ہوتی جارہی ہیں لیکن مشکات العلماء ویسے طالبات کو قرآن وسنت کی تعلیم اور دینی مسائل سے آراستہ کرکے مستقبل کی داعیہ اور مبلغہ بنا رہاہے -یہ باتیں تحریک اصلاح ملت کے ڈائریکٹر مولانا ثنااللہ اطہر مصباحی نے جامعہ مشکات العلماء بیریا میں منعقد جشن عید میلادالنبی وتقریری وعلمی انعامی مقابلے کے موقع پر جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہیں -مزید انہوں نے کہا کہ طالبات کا نعتیہ وتقریری مقابلے میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کرنا ان کے روشن مستقبل کی غماز ہے- گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عنقریب دینی تعلیم کے لیے یہاں گرلس ہاسٹل کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ دور دراز کی طالبات بھی عالمہ اور مبلغہ بن کر خواتین ملت کی انجمن میں خدمات اسلام کا مقدس فریضہ انجام دے سکیں -اس موقع پر مشکات العلماء کے پرنسپل مولانا احمد رضا مصباحی نے کہا کہ مدارس نسواں میں تعلیمی معیار کو بہتر سے بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ باصلاحیت عالمہ اور فاضلہ کی ٹیم تیار ہو سکے تاکہ خواتین کی انجمن کو دینی مسائل سے روشناس کیا جا سکے -نعتیہ وتقریری مسابقے میں کامیاب ہونے والی طالبات کو ادارے کی طرف سے انعام واکرام سے سرفراز کیا گیا -اس موقع پر مولانا اظہر القادری مصباحی ‘مولانا غلام سرور مصباحی ‘مولانا معراج احمد مصباحی ‘حاجی اسلم حسین ‘حاجی محمد اسرار الحق ‘مینیجر محمد صفدر علی ،محمدنظام الدین انصاری’ارباز احمد وغیرہ درجنوں حضرات موجود تھے-