پاکستان میں عید میلاد النبی کے جلوس پر خودکش حملہ، پولس افسر سمیت34کی موت، 100 زخمی

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -29 SEPT  

اسلام آباد،29ستمبر:پاکستان میں عید میلاد النبی کے جلوس پر زور دار خود کش دھماکہ ہوا ہے۔’خود کش دھماکے‘ میں ایک پولیس افسر سمیت کم از کم 34 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد شہری زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ پولیس بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بازار میں ہونے والے دھماکے میں ابتدائی طور پر متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطاء المنعم کے مطابق دھماکا مدینہ مسجد کے قریب ہوا، جہاں لوگ عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں شرکت کرنے کے لیے جمع ہو رہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ مستونگ دھماکے میں کم سے کم 34 افراد جاں بحق ہوئے اور 100 زخمی ہوئے، مستونگ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کر دیا گیا ہے، شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ غیر ملکی آشیرباد سے دشمن بلوچستان میں مذہبی رواداری اور امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیگناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔