تاثیر،۵ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
منگلورو ، 5 / اکتوبر:ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے ایسے دو نوجوان لٹیروں کو منگلورو جنکشن سے گرفتار کیا ہے جو اتر پردیش سے ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہوئے منگلورو پہنچتے تھے اور یہاں پر مختلف ٹرینوں میں رات کے وقت سفر کر رہی خواتین کے گلے سونے کی چین اڑانے کے بعد واپس ہوائی جہاز سے اپنے مقام پر پہنچ جاتے تھے۔آر پی ایف کا کہنا ہے انہوں نے منگلورو جنکشن کے احاطے سے ابھیو راج سنگھ (26 سال) اور ہریش شنکر گیری (25 سال) کو گرفتار کیا ہے جو اتر پردیش کے مرزا پور کے رہنے والے ہیں۔ یہ ملزمین 27 ستمبر اور یکم اکتوبر کے دوران کیرالہ کے کایم کولم ، منگلورو جنکشن، بارکور اور سیرور ریلوے اسٹیشنوں پر ہوئی چوری کی 7 وارداتوں میں شامل ہیں۔ لٹیروں کو گرفتار کرنے کے لئے آر پی ایف کے منگلورو جنکشن پوسٹ کمانڈر منوج کمار یادو کی قیادت میں ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ چین چوری کا شکار ہونے والی ایک خاتون کی طرف سے جو معلومات دی گئی تھیں اس کی بنیاد پر تفتیشی ٹیم نے چلتی ٹرین پر چڑھنے کی کوشش کر رہے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ اس ٹولی میں شامل تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔ ملزمین کے پاس سے جملہ 125 گرام وزنی 7 سونے کی چین بازیافت کی گئی ہیں۔ آر پی ایف کے منوج کمار یادو نے بتایا کہ تین لٹیروں کی ٹولی خاص کر ٹرین میں سفر کرنے والی عمر رسیدہ خواتین کو نچانہ بناتی تھی اور آدھی رات یا صبح کے قریب جب یہ خواتین گہری نیند میں ہوتیں اور ریلوے اسٹیشن قریب آنے پر ٹرین کی رفتار دھیمی ہوتی تو یہ لوگ گلے سے چین چھینتے اور چلتی ٹرین سے کود جاتے تھے۔ لٹیروں کی یہ ٹولی سدرن ریلوے اور کونکن ریلوے کے روٹ پر چین لوٹنے کی وارداتیں انجام دیتی تھی۔

