ہندو۔نیپال سرحد پر چار بچوں کے ساتھ غیر ملکی خاتون گرفتار، تین ہندوستانیوں کے ساتھ پار کر رہی تھی سرحد

تاثیر،۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

مدھوبنی، 8 اکتوبر: بہار کے ہند۔نیپال سرحد کے لوکھا سرحد پر 18ویں بٹالین لوکھا بی اوپی کے جوانوں نے ایک غیر ملکی خاتون کو نقاب پہن کر نیپال سے ہندوستانی سرحد میں داخل ہو تے گرفتار کر لیا۔ اس کے ساتھ چار بچے اور تین ہندوستانی بھی تھے۔ جوانوں نے غیر ملکی خاتون سے جب پوچھ گچھ کی تو اس نے اپنا پاسپورٹ میانمار کا دکھایا۔ حالانکہ اس کے پاس کوئی اور دستاویزات نہیں تھے، اس لیے ایس ایس بی نے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ غیر ملکی خاتون کی شناخت بیگم طاہرہ ضلع آئیکاپ موتی ڈانگ میانمار کے طور پر ہوئی ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران غیر ملکی خاتون نے ایس ایس بی کو بتایا کہ وہ تین ہندوستانیوں کے ساتھ نیپال کے کٹھمنڈو سے یہاں آئی تھی۔ یہ تینوں ہندوستانی آدمی اسے دربھنگہ لے جانے کی بات کر رہے تھے۔ ہندوستانی شخص کی شناخت دربھنگہ ضلع کے دھنشیام پور رہائشی 64 سالہ محمد فرمود ولد محمد یونس، 51 سالہ قادر ولد مرحوم روسو رہائشی دھنشیام پور اور سمری رہائشی 41 سالہ محمد نعمت ولد محمد یونس کے طور پر ہوئی ہے۔
پوچھ گچھ کے دوران ایس ایس بی کو معلوم ہوا کہ یہ تینوں افراد اس غیر ملکی خاتون کو اپنے ساتھ کٹھمنڈو سے دربھنگہ لے کر ہندوستانی سرحد میں داخل ہوئے اور پھر وہاں سے اسے دہلی بھیجنے جارہے تھے۔ حالانکہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ یہ لوگ اس خاتون کو کس کے پاس اور کیوں دہلی بھیجنا چاہتے تھے۔ ایس ایس بی اہلکاروں نے خاتون، چار بچوں اور تینوں ہندوستانیوں کو گرفتار کرکے لوکھا تھانہ کے حوالے کردیا ہے، جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
واضح ہو کہ ہند۔ نیپال کی کھلی سرحد کی وجہ سے غیر ملکی آسانی سے ہندوستان میں داخل ہو سکتے ہیں۔ یہ راستہ انہیں بہت قابل رسائی لگتا ہے۔ اس سرحد پر کئی بار غیر ملکی ہندوستان آتے ہوئے پکڑے جا چکے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کی سیما حیدر بھی اپنے چار بچوں کے ساتھ بہار کی ہند-نیپال سرحد سے ہندوستان آئی تھیں۔ جو ہندوستانی لڑکے سچن سے شادی کے بعد نوئیڈا میں رہ رہی ہے۔ کئی دنوں کے بعد جب نوئیڈا پولیس کو اس کی اطلاع ملی تو ساری حقیقت سامنے آگئی۔