آسٹریلیا کے خلاف شاندار اننگزکے دوران وراٹ کوہلی نے سچن تندولکر کا بڑا ریکارڈ توڑا

تاثیر،۹  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

چنئی ، 09اکتوبر:ٹیم انڈیا نے ورلڈ کپ (آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023) میں اپنا پہلا امتحان پاس کر لیا ہے۔ اس ورلڈ کپ میں ہندوستان کا پہلا میچ مضبوط ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تھا اور ٹیم نے 52 گیندیں باقی رہتے ہوئے 6 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ بھارت کی اس جیت میں وراٹ کوہلی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے سچن تندولکر کاایک بہت ہی اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
دراصل، آسٹریلیا نے ٹیم انڈیا کو 200 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن ہندوستان نے صرف 2 رن کے اسکور پر 3 وکٹ گنوا دیے۔اس وقت ٹیم انڈیا کافی مشکل میں تھی، لیکن وراٹ کوہلی کریز پر موجود تھے۔ وراٹ نے کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ 97) کے ساتھ مل کر چوتھے وکٹ کے لیے 165 رن کی شاندار شراکت داری کی اور ٹیم انڈیا کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اس اننگز میں وراٹ نے 116 گیندوں میں 85 رن بنائے اور کچھ اور ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیے۔
آئی سی سی کے محدود اوورز کے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز وراٹ کے نام ہوگئے ہیں۔وراٹ کوہلی اب آئی سی سی کے محدود اوورز کے ٹورنامنٹس میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے سچن تندولکر کو پیچھے چھوڑ کر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ وراٹ نے اب تک آئی سی سی کے محدود اوورز کے ٹورنامنٹس میں 64 اننگ کھیل کر 2785 رن بنائے ہیں۔ وہیں سچن نے 58 اننگ میں 2719 رن بنائے تھے۔
روہت شرما اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ روہت نے اب تک آئی سی سی ٹورنامنٹس میں کل 64 اننگ کھیلی ہیں جس میں انہوں نے کل 2422 رن بنائے ہیں۔ ان کے بعد ہندوستان کے لیجنڈری آل راونڈر یوراج سنگھ کا نام اس فہرست میں آتا ہے۔ یوراج نے اپنے کیریئر میں آئی سی سی ٹورنامنٹ کی 62 اننگ میں کل 1707 رن بنائے تھے۔ ان چار کھلاڑیوں کے بعد اس فہرست میں پانچواں نام سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی کا ہے۔ گنگولی کے نام 32 اننگ میں 1671 رن ہیں۔