افغانستان کے خلاف یک طرفہ جیت کے ارادے سے میدان میں اترے گی ٹیم انڈیا

تاثیر،۱۰  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10اکتوبر:پہلے میچ میں ابتدائی دباو کا سامنا کرنے والی ہندوستانی ٹیم جمعرات کے روز یہاں ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں یک طرفہ جیت درج کرنے کے ارادے سے افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔ کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ہندوستان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج نو مختلف مقامات پر کنڈیشنز کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ہی ۔ چیپاک میں سست اور اسپنر دوست وکٹ کے بعد اب ہمیں فیروز شاہ کوٹلہ میں کھیلنا ہے جہاں گزشتہ ہفتے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں 700 سے زائد رنز بنے تھے۔ شبھمن گل ڈینگو کی وجہ سے یہ میچ نہیں کھیل پائیں گے جس کی وجہ سے ایشان کشن کو روہت کے ساتھ ایک بار پھر اننگ کا آغاز کرنے کا موقع ملے گا۔
آسٹریلیا کے خلاف کشن اور شریس ایئر خراب شاٹس کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کی وجہ سے ہندوستان اچھی شروعات نہیں کر سکا۔ اس بار انہیں اس غلطی پر قابو پانا ہو گا۔ اگر گل تین دن بعد پاکستان کے خلاف میچ سے قبل صحت یاب نہیں ہو پاتے ہیں تو ایشان کو کسی بڑے میچ میں اننگ کا آغاز کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔
ہندوستان کے لیے افغانستان کے بالنگ اٹیک کا سامنا کرنا مشکل نہیں ہوگا جس کے پاس مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ جیسے گیند باز نہیں ہیں۔ میدان چونکہ چھوٹا ہے، اس لیے چوکے اور چھکے مارنے کے امکانات بھی زیادہ ہیں۔ ورلڈ کپ سے قبل پچ دوبارہ بچھائی گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی نوعیت بھی بدل گئی ہے۔ یہ میچ وراٹ کوہلی کے آبائی شہر میں ہے اور وہ چنئی میں دکھائی گئی رفتار کو برقرار رکھنا چاہیں گے۔ اپنے نام سے منسوب پویلین کے سامنے کھیلتے ہوئے کوہلی شائقین کو یادگار میچ دینے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ راہل نے گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے بعد سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ نے تنقید کے باوجود ان پر بھروسہ رکھا، جس پر وہ کھرے اترے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کاگیندبازی کمبی نیشن شاندار رہا۔ ہندوستان نے درمیانی اوورز میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اگر ہندوستان تین اسپنرز کے ساتھ نہیں جاتا ہے تو محمد شامی آر اشون کی جگہ لے سکتے ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش سے ہارنے کے بعد افغانستان کی ٹیم بہتر کارکردگی دکھانے کا ارادہ رکھے گی۔ افغانستان کی طاقت اس کے اسپنرز رہے ہیں لیکن بلے بازوں کو ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ صرف اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف پوری ٹیم 156 رن بنا کر آوٹ ہو گئی تھی لیکن اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
ٹیمیںاس طرح ہیں:
بھارت: روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، وراٹ کوہلی، شریس ائیر، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، روی چندرن اشون، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، محمد سراج، محمد شامی، سوریہ کمار یادیو، شبمن گل، شاردول ٹھاکر۔
افغانستان: حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، ریاض حسن، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، اکرام علی خیل، عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نور احمد، فضل الحق فاروقی، عبدالرحمان اور نوین الحق۔