تاثیر،۱۲ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
دوسہ، 12 اکتوبر: ضلع کے جے پور-آگرہ قومی شاہراہ 21 پر سکندرا تھانہ علاقے کے ریٹا گاوں کے قریب جمعرات کی صبح ایک نجی سلیپر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں 12 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں علاج کے لیے دوسہ ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سکندرا پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ نجی سلیپر بس یوپی کے فرخ آباد سے جے پور جارہی تھی۔ اس دوران ریٹا گاوں کے قریب قومی شاہراہ پر ایک اور گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے بس بے قابو ہو کر تقریباً 20 فٹ نیچے کھائی میں گرکر الٹ گئی ۔اس سے بس میں سوار مسافروں میں کہرام مچ گیا۔
پولیس نے بتایا کہ فرخ آباد کے رہنے والے قیوم، خورشید، صفیہ، فرید، ذیشان ، پپو، منوج سکسینہ، سیتا پور کے رہنے والے شاکر، بندو خاں ساکن رام گڑھ دوسہ، کماری درگا اور سشما کشواہا ساکن شاہجہاں پور، جبار خان ساکن ایٹہ یوپی زخمی ہوئے۔ان تمام زخمیوں کا دوسہ کے سرکاری اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بس ہائی وے پر چلنے والی دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے الٹ گئی جس سے مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ بس کے شیشے توڑنے کے بعد کسی طرح مسافروں کو باہر نکالا گیا ۔ پولیس اور ایمبولینس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

