تاثیر،۱۳ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن/نئی دہلی، 13 اکتوبر: امریکہ نے گرین کارڈ کے منتظر افراد سمیت غیر تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سنا دی۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ایمپلائمنٹ آتھرائزیشن کارڈ پانچ سال کے لیے کچھ غیر تارکین وطن زمروں کے لئے دستیاب ہوں گے، بشمول وہ لوگ جو گرین کارڈ کے منتظر ہیں۔ اس قدم سے ملک میں رہنے والے ہزاروں ہندوستانیوں کو فائدہ پہنچے گا۔
یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، وہ بعض غیر شہریوں کے لئے ایمپلائمنٹ آتھرائزیشن ڈاکومنٹس (ای اے ڈی) کی زیادہ سے زیادہ میعاد کی مدت کو ابتدائی اور تجدید کے لئے 5 سال تک بڑھا رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق، 10.5 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی امریکہ میں روزگار کی بنیاد پر گرین کارڈ کے منتظرہیں۔ تاہم، تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے تقریباً چار لاکھ افراد امریکی گرین کارڈ حاصل کرنے سے پہلے ہی اس دار فانی سے کوچ کر چکے ہیں۔ واضح ہو کہ امریکہ میں گرین کارڈ کو سرکاری طور پر مستقل رہائشی کارڈ کہا جاتا ہے۔