تاثیر،۱۴ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 اکتوبر: مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے ہفتہ کے روز کوہیما میں ناگالینڈ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ (این آئی ایم ایس آر) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو، نائب وزیر اعلیٰ ٹی آر زیلیانگ اور ناگالینڈ کے صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر پی پیوانگ کونیاک بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کہا کہ این آئی ایم ایس آر صرف ایک میڈیکل کالج نہیں ہے، یہ ایک تحقیقی ادارہ بھی ہے۔ یہ نہ صرف طبی تعلیم فراہم کرنے کے مقصد کو پورا کرے گا بلکہ ناگا لوگوں کی صحت کے مسائل بھی حل ہوں گے۔ مرکزی حکومت کے عزم پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف 9 سال کے عرصے میں ایم بی بی ایس کی نشستیں 64000 سے بڑھ کر 160000 ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح پی جی کی سیٹیں بھی پچھلے 9 سالوں میں دوگنی ہو گئی ہیں۔
وزیر اعلی نیفیو ریو نے کہا کہ آج ناگالینڈ کے لوگوں کے لئے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ ہم نے ریاست میں پہلے میڈیکل کالج کا افتتاح کیا ہے۔ ناگالینڈ کے لوگوں کا اپنی ریاست میں میڈیکل کالج کا خواب آج پورا ہو گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ این آئی ایم ایس آر ریاست کی ثانوی اور ترتیری صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گا اور آنے والے دنوں میں یہ ایک بہترین مرکز بن جائے گا۔
این آئی ایم ایس آر ناگالینڈ یونیورسٹی سے وابستہ ہے۔ اسے اپریل 2023 میں نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی ) سے تعلیمی سال 2023-2024 تک ایم بی بی ایس کی 100 نشستوں کے داخلے کے لیے اجازت نامہ موصول ہوا۔ ریاست کی تشکیل کے 60 سال بعد پہلا میڈیکل کالج شروع ہوا ہے۔ ریاست ناگالینڈ کے 85 ایم بی بی ایس طلبا اور آل انڈیا سیٹوں کے 6 طلباکو این آئی ایم ایس آڑ میں داخلہ ملا ہے۔

