تاثیر،۱۵ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
احمد آباد، 15اکتوبر: ہندوستان میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کو جیتنے کا ٹیم انڈیا کو سب سے بڑا دعویدار مانا جا رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے تین میچوں میں اپنا دعویٰ مضبوط بھی کر لیا ہے۔ پہلے میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی اور پھر افغانستان کو شکست دی۔ ہندوستانی ٹیم پاکستان کیخلاف بھی اسی رنگ میں نظر آئی۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے میچ کا سبھی کو انتظار تھا۔ بابر اعظم کی ٹیم کو ایشیا کپ میں ہندوستان کے ہاتھوں بری طرح شکست ہوئی تھی۔ ٹیم انڈیا کی ٹاپ فارم کی وجہ سے ہندوستانی شائقین پراعتماد تھے اور ایسا ہی ہوا ۔ ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کیخلاف خطرناک گیند بازی کی اور پوری ٹیم کو صرف 191 رنز پر ڈھیر کردیا۔ جس پریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادو، رویندر جڈیجہ اور ہاردک پانڈیا نے 2،2 وکٹیں لے کر پوری پاکستانی ٹیم کا صفایا کردیا۔ 192 رنز کے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے اترے ہندوستانی کپتان نے چھکوں کی بارش کرکے ونڈے میں ایک خاص مقام حاصل کرلیا۔ پچھلے ہی میچ میں بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ بنانے والے روہت نے یہاں ونڈے میں ٹریپل سنچری پوری کی۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اب ون ڈے میں چھکوں کی ٹریپل سنچری بنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ روہت شرما نے پاکستان کیخلاف تیسرا چھکا لگا کر اس خصوصی کلب میں جگہ بنائی۔ روہت ویسٹ انڈیز کے طوفانی بلے باز کرس گیل اور پاکستان کے شاہد آفریدی کے بعد ایسا کرنے والے تیسرے بلے باز ہیں۔پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑی شاہد آفریدی نے 398 ون ڈے میچوں میں مجموعی طور پر 351 چھکے لگا کر اپنے کیرئیر کا خاتمہ کیا تھا۔ جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 301 ون ڈے میچوں میں 331 چھکے لگائے تھے۔ روہت شرما نے صرف 254 میچوں میں 300 کا ہندسہ پار کیا۔ اس وقت ان کے نام 303 ون ڈے چھکے ہوگئے ہیں۔

