تاثیر،۱۷ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
میرٹھ، 17 اکتوبر: میرٹھ میں آج منگل کی صبح لوہیا نگر تھانہ علاقہ میں ستیہ کام انٹرنیشنل اسکول کے قریب ایک گھر میں چل رہی صابن بنانے والی فیکٹری کی چھت اچانک گر گئی۔ اس کا ملبہ ہٹاتے وقت زور دار دھماکہ ہوا۔ اس دوران چار افراد ہلاک ہو گئے۔ کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو راحت اور بچاؤ کے کاموں کی ہدایات دی ہیں۔
پولیس اور انتظامی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ فی الحال راحت اور بچاؤ کام جاری ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی پہنچ گئی ہے۔ یہ گھر سنجے گپتا کا ہے۔ آلوک گپتا اور گورو گپتا گھر کے کرایہ دار ہیں۔ اس گھر میں صابن بنانے کا کارخانہ چل رہا تھا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ قریبی دو تین مکان بھی گر گئے۔ اسکول کی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے۔
اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ دیپک مینا اور ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان موقع پر پہنچ گئے۔ اب بھی کئی افراد کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اس زوردار دھماکے سے 33 کے وی بجلی کی لائن کے کھمبے بھی ٹوٹ گئے۔ شدید زخمیوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ دیپک مینا ک نے بتایا کہ مرنے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ یہ سب فیکٹری ورکرز ہو سکتے ہیں۔ بتایا گیا کہ یہ فیکٹری گزشتہ چھ برس سے رہائشی علاقے میں چل رہی تھی۔ ریسکیو کے دوران عمارت کا باقی حصہ بھی گر گیا۔ اس کی وجہ سے ایک جے سی بی ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

