راہل گاندھی نے اڈانی گروپ کو گھیرا، کہا-بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لئے ذمہ دار

تاثیر،۱۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 18 اکتوبر:۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آج اڈانی گروپ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ راہل نے کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اڈانی گروپ انڈونیشیا سے کوئلہ خریدتا ہے۔ اس کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کر اسے ہندوستان میں دوگنی قیمت پر فروخت کرتا ہے۔اس کی وجہ سے ملک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔
انہوں نے اپنے الزام کی تائید میں لندن کے ایک اخبار کی رپورٹ کا حوالہ دیا۔ راہل نے کہا کہ اس ہیرا پھیری سے اڈانی گروپ 12 ہزار کروڑ روپے کماچکا ہے ۔ یہ بات ہندوستان کے شہریوں کو سمجھنی ہوگی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی میڈیا ایسی رپورٹس پر ایک سوال بھی نہیں پوچھتا۔
قابل ذکر ہے کہ آج کانگریس ہیڈکوارٹر میں کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ جاری ہے۔ راہل بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ میٹنگ میں راجستھان اور مدھیہ پردیش سمیت دیگر ریاستوں کے اسمبلی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس بات چیت کو درمیان میں چھوڑ کر راہل گاندھی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔