یوپی میں چوروں نے پی پی ای کٹ پہن کر100 فون چوری کئے

تاثیر،۲۰  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

میرٹھ،20اکتوبر: اترپردیش کے میرٹھ میں چوری کا ایک عجیب معاملہ سامنے آیا ہے۔ میرٹھ کے گنگا نگر میں چور پی پی ای کٹس پہنے موبائل شو روم میں داخل ہوئے اور مبینہ طور پر 60 لاکھ روپے کا سامان لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی رات پیش آیا۔ چور شوروم سے ملحقہ خالی پلاٹ سے دکان میں داخل ہوئے اور چوری کی واردات کی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب موبائل شوروم کے مالک نے جمعرات کی صبح اپنی دکان کھولی۔ دکان سے بہت کچھ غائب تھا۔ اس کے بعد شوروم کے مالک نے فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو پتہ چلا کہ چور تقریباً 100 موبائل فون چوری کر کے لے گئے ہیں۔ میرٹھ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کملیش بہادر نے کہا، “چوری کی واردات گنگا نگر تھانے کے علاقے میں ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، تقریباً 100 موبائل فون چوری کیے گئے ہیں۔ ایک چور، جو نقاب پوش تھا، سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا ہے۔ معاملہ زیر تفتیش ہے…”