تاثیر،۲۱ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس پولس کی جانب سے آج ضلع پولس ہیڈ کوارٹر سنٹر ڈہری میں پولس یادگاری دن کا اہتمام کیا گیا ۔ جہاں افسروں کی جانب سے شہید فوجیوں پر گلپوشی کی گئی انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سلامی بھی دی گئی ۔ شاہ آباد ژون کے ڈی آئی جی نوین چندر جھا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ بھی کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بہار پولس کے شہید سپاہیوں کی یاد میں ہر سال 21 اکتوبر کو پولس یادگاری دن منایا جاتا ہے اسکے تحت آج روہتاس پولس نے پولس سنٹر ڈہری کے احاطہ میں ضلع روہتاس کے شہید پولس اہلکاروں کو عقیدت کا خراج پیش کیا گیا اور ضلع کے شہید فوجیوں کے اہل خانہ کو کپڑے اور یادگاری تحفے دیکر اعزاز سے نوازا گیا ۔ روہتاس پولس نے شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور انکا خیال رکھنے کی یقین دہانی کی ۔ اس موقع پر روہتاس کے ایس پی ونیت کمار کے علاوہ ڈہری ایس ڈی پی او ونیتا سنہا، سہسرام ایس ڈی پی او دلیپ کمار، ڈپٹی ایس پی عادل بلال کے علاوہ کئی پولس افسران اور اہلکار موجود تھے ۔

