چھتیس گڑھ اسمبلی الیکشن 2023: کاغذات نامزدگی داخل کرنا شروع

تاثیر،۲۲  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

رائے پور،22؍اکتوبر:: چھتیس گڑھ اسمبلی الیکشن 2023 کے لیے نامزدگی کے پہلے دن ہی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کرنا شروع کر دیے۔ اس دوران تمام افسران اور ملازمین کی نظریں بلاس پور اسمبلی سیٹ سے پرچہ نامزدگی کے لیے آئے آزاد امیدوار انلیش مشرا پر جمی ہوئی تھیں۔ انلیش مشرا اپنے ساتھ نامزدگی فارم کی رقم کے لیے ایک ایک روپے کے 10 ہزار سکے لائے اور انہیں ملازمین کے پاس جمع کرایا۔ ان سکوں کی گنتی کے دوران انتخابی کارکنوں کے پسینے بھی چھوٹ گئے۔انلیش مشرا کو انتخابات میں کتنے ووٹ ملیں گے، یہ کوئی نہیں جانتا، لیکن وہ اپنی نامزدگی کے لیے دس ہزار کے سکے لا کر سب کی توجہ میں آگئے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں 7 اور 17 نومبر کو دو مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے اور ہفتہ کو نامزدگیوں کا آغاز ہوا اور پہلے ہی دن ایک امیدوار بھی 10 ہزار سکے لے کر آیا۔ریاست کے بلاس پور ضلع میں 6 اسمبلی سیٹوں کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے عمل کے ساتھ ہی انتخابی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ پہلے دن پرچہ نامزدگی داخل کرنے والوں میں انلیش مشرا نے بلاسپور اسمبلی سیٹ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ آزاد امیدوار کے طور پر اپنا دعویٰ پیش کرنے والے انلیش مشرا ماضی میں بلاس پور لوک سبھا الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔