تاثیر،۲۶ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
گورکھپور، 26 اکتوبر: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عہدیداروں سے کہا کہ جن ضرورت مند لوگوں کو ابھی تک مستقل مکان نہیں مل سکے ہیں، انہیں پردھان منتری آواس یوجنا یا وزیر اعلیٰ آواس یوجنا کے دائرہ کار میں لاکر مستقل مکانات کی سہولت فراہم کی جانی چاہئے۔ آیوشمان کارڈ بنوا کر علاج کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ کارڈ نہ ہونے کی صورت میں سنگین امراض کے علاج کے لیے صوابدیدی فنڈ سے فنڈ دستیاب کروائے جائیں گے۔
وزیر اعلی ٰیوگی نے جمعرات کو گورکھ ناتھ مندر میں عوامی درشن کے دوران لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے یہ ہدایات دیں۔ مندر کے احاطے میں واقع مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے سامنے منعقد عوامی درشن میں وزیر اعلیٰ خود کرسیوں پر بیٹھے لوگوں کے پاس پہنچے۔ سب کے مسائل سننے کے بعد انہوں نے یقین دلایا کہ ہر مسئلہ کو بروقت، شفاف اور تسلی بخش طریقے سے حل کیا جائے گا۔
جنتا درشن میں وزیر اعلیٰ نے تقریباً 200 لوگوں کے مسائل سنے۔ اس میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس دوران ایک خاتون نے رہائش کا مسئلہ بتایا۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ خاتون کے مسئلہ کو حساسیت سے دیکھیں۔ خاتون کو پردھان منتری آواس یوجنا یا وزیر اعلیٰ آواس یوجنا کے تحت مکان فراہم کیا جانا چاہیے۔ زمینوں پر قبضے کی شکایات پر انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ ریونیو اور پولیس سے متعلق معاملات میں موثر کارروائی کی جائے۔

