تاثیر،۲۶ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،26اکتوبر:پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کھلاڑیوں کا مورال بلند کرنے کے لیے لیکچر دیا اور کہا کہ ہم ایسا کئی بار کر چکے ہیں کہ نیچے سے اوپر اٹھتے ہیں۔کھلاڑیوں کا جوش بڑھانے کے لیے یہ تقریر بابر اعظم نے چنئی کے پی چدمبرم اسٹیڈیم میں پریکٹس کے دوران دیا۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلی بار نہیں ہوا، ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے اور اس وقت بھی پاکستان ٹیم نیچے سے اوپر آئی۔بابر اعظم نے مزید کہا کہ جب ہم نیچے سے اٹھتے ہیں تو سیدھا ٹاپ پر جاتے ہیں، جب ایک دوسرے کے ساتھ رہیں گے تو آسانی ہو گی، ہمیں ایک دوسرے سے کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب بھی ہم دوبارہ اٹھ سکتے ہیں، یہ بات اس وجہ سے بار بار دہرا رہا ہوں کے ماضی میں کئی بار ہم ایسی پوزیشن سے نکلے اور اب بھی نکل سکتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں کل اپنا چھٹا میچ جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گی۔قومی ٹیم نے اب تک 5 میچز میں سے 2 جیتے ہیں، پاکستان ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان نے شکست دی ہے۔وہیںفٹنس مسائل میں گھری پاکستانی ٹیم سے ایک اور بری خبر آگئی، اس مرتبہ فاسٹ بولر حسن علی بخار میں مبتلا ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی کی جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حسن علی کی جگہ کل محمد وسیم جونیئر کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ فاسٹ بولر حسن علی آج پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔

